متحدہ کیخلاف سنگین الزامات کے ثبوت ملے تو قانون کے مطابق کارروائی ہوگی : احسن اقبال
اسلام آباد (صباح نےوز) وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے ایم کیو ایم کے خلاف سنگین الزامات کے حوالے سے وفاقی حکومت نے برطانیہ سے رابطہ کیا ہے۔ اس حوالے سے ثبوت ملے تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی۔ کراچی ایک انسانی المیہ سے گزرا اس المیے پر سیاست نہیں کرنی چاہئے بھارت کو چاہئے وہ پاکستان کے ساتھ اسلحے کی دوڑ میں مقابلہ کرنے کی بجائے اپنے ملک میں نوجوانوں اور عوام کو سہولیات فراہم کرنے پر توجہ دے۔ پاک چین اقتصادی راہداری سے پورے خطے میں ترقی آئیگی۔ خطے میں کشیدگی کا نقصان سب کو ہوگا۔حکومت 2018 ءتک بجلی بحران پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائیگی۔ اسلام آباد میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں ٹیکنالوجی پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور بعد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا سنگ لنگ کو 2016ءتک مکمل کر لیں گے۔ سیاسی جماعتوں اور اہل وطن کو کرائی گئی یقین دہانی بالخصوص وزیراعظم کی کمٹمنٹ پر حرف بحرف عملدرآمد ہو گا اور اپنے تمام وعدوں کو پورا کریں گے۔ انہوں نے کہا پاک چائنہ اقتصادی راہداری صرف ایک سڑک کا نام نہیں، اس میں 70 فیصد سے زیادہ سرمایہ کاری توانائی کے شعبے میں آ رہی ہے۔