• news

ایمرجنسی کے دوران بہت کچھ سیکھنے کو ملا: مودی

نئی دہلی (بی بی سی) بھارت کی جمہوریت کی تاریخ میں سیاہ باب کے طور پر درج ایمرجنسی کے 40 برس مکمل ہونے کے موقع پر وزیر اعظم نریندرمودی نے جمہوریت کی اقدار کو مضبوط کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کی بات کہی ہے۔ بھارتی وزیراعظم نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ایمرجنسی کے دوران اس وقت کی سیاسی قیادت نے جمہوریت کو کچل کر رکھ دیا تھا۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا ’ہمیں ان لاکھوں لوگوں پر فخر ہے جنہوں نے ایمرجنسی کی مخالفت کی۔ جن کی کوششوں کی وجہ سے ہی ہماری جمہوریت کا ڈھانچہ محفوظ ہوا ہے۔انہوں نے اپنے ٹویٹ میں یہ بھی کہا ہے کہ ایمرجنسی کے خلاف چلنے والی تحریک کے دوران جمہوریت کی بحالی کے لیے لڑ رہے رہنماؤں سے سیکھنے کے لیے ایمرجنسی ایک موقعے کی طرح تھی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے لکھا ہے کہ اس دور کے سرکردہ رہنما جے پرکاش نارائن سے متاثر ہوکر بہت سے مرد اور خواتین جمہوریت کے تحفظ کے لیے اس تحریک میں کود پڑے تھے۔ یہ 1974 کی بات ہے جب اندرا گاندھی کی حکومت نے 25 جون کو ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کی حکومت جمہوری طریقے سے منتخب حکومت تھی لیکن اپوزیشن کو کچلنے کے لیے انہوں نے ملک میں ایمرجنسی لگائی تھی۔ بھارت کے بہت سے سیاسی رہنماؤں نے اندرا گاندھی کے اس فیصلے کے خلاف ملک گیر تحریک شروع کی تھی اور جمہوریت کو بحال کرانے میں اہم رول ادا کیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن