سعودی قوانین کی خلاف ورزی، پی آئی اے عملے کو جدہ ائر پورٹ پر روک لیا گیا، بھاری جرمانہ
کراچی(نوائے وقت نیوز) پی آئی اے کو سعودی قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑا۔ پی آئی اے کی پرواز پی کے 759 کا عملہ بغیر اجازت لاہور سے جدہ پہنچ گیا۔ پی آئی اے انتظامیہ سعودی عرب میں عملے کی اجازت کی تجدید کرانا بھول گئی تھی۔ پی آئی اے کے طیارے کے عملے کو جدہ ائرپورٹ پر امیگریشن حکام نے روک لیا۔ تحریری معذرت کے بعد فی کریو ممبر 3 ہزار ریال جرمانہ ادا کرنا پڑا۔ جرمانے کی ادائیگی کے بعد عملیکو ائرپورٹ سے جانے کی اجازت دیدی گئی۔این این آئی کے مطابق پی آئی اے ذرائع کے مطابق گزشتہ رات لاہور سے جدہ جانے والی قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 759 جب جدہ پہنچی تو طیارے کے عملے کو پتہ چلا کہ پی آئی اے کی انتظامیہ نے ان کی آمدورفت کی اجازت کی تجدید ہی نہیں کرائی۔ دوسری جانب ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ واقعہ ضرور پیش آیا تھا تاہم معاملات خوش اسلوبی سے حل کرلیے گئے ہیں، اس واقعے کا عمرہ آپریشن پر اثر نہیں پڑے گا ان کا کہنا تھا کہ ایسے آپریشنل معاملات کے ذمہ دار جی ایم سینٹرل کنٹرول کی ہوتی ہے جس کی سیٹ کئی ہفتوں سے خالی ہے۔