را دبئی کے ایک بنک اور بھارتی ٹریڈنگ کمپنی کے ذریعے ایم کیو ایم کو پیسے دیتی رہی: انڈین ایکسپریس
نئی دہلی (آئی این پی) بی بی سی کے بعد بھارتی اخبار ’’انڈین ایکسپریس‘‘ نے لندن میں ایم کیو ایم رہنمائوں کے سکاٹ لینڈ یارڈ کو دئیے گئے بیان کی دستاویزات حاصل کرنے کا دعویٰ کر دیا ہے، ان دستاویزات کے حوالے سے طارق میر کے بیان کی مزید تفصیل سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ’’را‘‘ محمد انور کے ذریعے بھی الطاف حسین کو پیسے بھجواتی رہی۔ بھارتی اخبار نے پاکستانی حکام کے حوالے سے کہا ہے کہ’’را ‘‘دبئی کے ایک بینک اور بھارتی ٹریڈنگ کمپنی کے ذریعے بھی ایم کیو ایم کو پیسے دیتی رہی۔ 2011،2012 اور 2013 میں ایم کیو ایم کے چند لوگوں نے دبئی کے آر اے کے بینک اور جیسمین ویلی ٹریڈنگ نامی بھارتی کمپنی کے ذریعے15لاکھ ڈالر سے زائد کی رقم وصول کی تھی۔ سکاٹ لینڈ یارڈ نے30مئی 2012 کو ایڈگویئر کے پولیس سٹیشن میں طارق میر کا انٹرویو کیا تھا۔ طارق میر کے بیان کی مزید تفصیل کے مطابق را اور ایم کیو ایم حکام کی ملاقاتیں روم کے علاوہ زیورخ، پراگ اور ویانا میں بھی ہوئیں۔ بھارتی حکام ملاقات کی جگہ اور وقت کا انتخاب کرکے صرف 2روز قبل ہمیں اطلاع دیتے، محمد انور سے جب انڈین ایکسپریس نے رابطہ کیا تو انہوں نے اس معاملے پر بات کرنے سے گریز کیا تاہم گزشتہ ہفتے ایک انٹرویو میں انہوں نے ان الزامات کو مسترد کردیا تھا۔