• news

بولان: 3 دہشت گرد گرفتار‘ جعفر آباد میں فائرنگ سے صحافی جاں بحق

کوئٹہ + جعفر آباد (نوائے وقت رپورٹ + نیوز ایجنسیاں) بلوچستان کے علاقے بولان میں حساس اداروں نے کارروائی میں تین دہشت گرد گرفتار کر لئے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ علاوہ ازیں فرنٹیئر کور بلوچستان نے حساس ادارے کی اطلاع پر کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے دہشت گرد کے مکان سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا۔ فرنٹیئر کور بلوچستان نے ضلع بولان کی تحصیل بھاگ میں کالعدم تنظیم کے دہشت گرد کے مکان پر چھاپہ مارتے ہوئے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا۔ برآمد شدہ اسلحے میں ایک آر پی جی سیون بمعہ 9 گولے‘ 2 چائنیز ایل ایم جی‘ 4 ایس ایم جیز‘ 5 رائفلز تھری ناٹھ تھری اور دیگر اسلحہ شامل ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ مکان کالعدم تنظیموں بی آر اے اور بی ایل اے کے دہشت گردوں کا محفوظ ٹھکانا تھا۔ علاوہ ازیں جعفر آباد میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا، ڈیرہ اللہ یار ریلوے ٹریک پر نصب 5کلو وزنی بم کو ناکارہ بنادیا گیا، ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہونے کے تین گھنٹے بعد ریلوے ٹریفک بحال کردیا گیا۔ جعفرآباد میں ڈیرہ اللہ یار ریلوے ٹریک پر نامعلوم تخریب کاروں نے 5کلو وزنی ریموٹ کنٹرول بم نصب کررکھا تھا ایف سی نے دوران چیکنگ مشکوک بیگ کی بم ڈسپوزل سکواڈ کو اطلاع کردی جس پر امدادی ٹیمیں اور بم ڈسپوزل سکواڈ عملہ جائے وقوعہ پہ پہنچ گیا اور بم کو ناکارہ بنا دیا گیا ریلوے انتظامیہ نے سندھ پنجاب سے کوئٹہ جانے والی مسافر ٹرینوں بولان میل جعفر ایکسپریس اور نواب اکبر بگٹی ایکسپریس کو جیکب آباد سٹیشن پر روک دیا گیا ڈیرہ اللہ یار سٹیشن پر مسافروں کی لائنیں لگی ہوئی تھیں مکمل کلیئرنس کے بعد ٹرینوں کو ایف اسی کی سخت نگرانی میں کوئٹہ روانہ کردیا گیا ایف سی نے حساس سٹیشنوں ڈیرہ اللہ یار ڈیرہ مراد جمالی اور بختیارآباد میں ریلوے سٹیشنوں کی نگرانی سخت کر دی ہے۔ ادھر پشین میں انسداد منشیات فورس نے کارروائی کرتے ہوئے گھر سے 1490 کلو ہیروئن برآمد کر لی ہے‘ کارروائی خانوزئی کے علاقے میں کئی گئی‘ منشیات کی قیمت اربوں روپے بتائی جاتی ہے۔ علاوہ ازیں ایف سی نے کارروائی میں ایرانی ڈیزل سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ ترجمان ایف سی کے مطابق دو ٹینکرز سے 50 ہزار لٹر ڈیزل برآمد کر لیا گیا جو کسٹم حکام کے حوالے کیا گیا ہے۔ نیشن رپورٹ کے مطابق جعفر آباد کے علاقے اوستہ محمد میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک مقامی صحافی کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ ظفر اللہ جتک اپنے گھر میں سو رہا تھا کہ نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر گولیوں کا نشانہ بنا ڈالا۔

ای پیپر-دی نیشن