• news

صوبائی کمیٹی کو اختیا ر نہیں، الیکشن کمشن نے خیبر پی کے حکومت کو بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات سے روکدیا

اسلام آباد (خبرنگار + نوائے وقت رپورٹ + نیوز ایجنسیاں) الیکشن کمشن نے خیبر پی کے حکومت کو بلدیاتی انتخابات میں ہونے والی بے قاعدگیوں کی انکوائری کرنے سے روک دیا، الیکشن کمشن نے خیبر پی کے حکومت کو خط لکھا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے بارے میں تحقیقات کرنا الیکشن کمشن کا اختیار ہے، اس لئے صوبائی حکومت اس حوالے سے کوئی تحقیقاتی کمیٹی نہ بنائے۔ واضح رہے کہ خیبر پی کے حکومت نے بلدیاتی انتخابات میں بے قاعدگی کی تحقیقات کرنے کے لئے کمیٹی بنائی تھی۔ اپوزیشن جماعتوں کے شدید احتجاج اور دبائو کے بعد خیبر پی کے حکومت نے اپنے طور پر بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے لئے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی صوبائی کمیٹی بنائی تھی۔ الیکشن کمشن نے خط کے ذریعے صوبائی حکومت کی کمیٹی کو قواعد کے برعکس قرار دے دیا۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن کی جانب سے خیبر پی کے حکومت کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ خیبر پی کے حکومت کو اپنے طور پر انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کا اختیار نہیں۔ انتخابات سے متعلق تمام امور کی ذمہ داری الیکشن کمشن پر عائد ہوتی ہے۔ کمشن کو ضرورت پڑی تو اس بارے میں صوبائی حکومت کو تحقیقات کے بارے میںکہا جاسکتا ہے۔ اپنے طور پر وہ تحقیقات کا فیصلہ نہیں کرسکتی۔

ای پیپر-دی نیشن