• news

کراچی : بجلی بحران جاری رہا تو اموات کم نہیں ہونگی، شرجیل: مزید 35جاں بحق: نیپرا کا کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی پر غور، لوڈشیڈنگ جاری، گرمی سے 6 افراد مارے گئے

کراچی+اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+عاطف خان/ نیشن رپورٹ) ترجمان نیپرا نے کہا ہے کہ کراچی میں ہیٹ سٹروک سے اموات پر نیپرا نے ابھی تک کسی کو کلین چٹ نہیں دی۔ نیپرا کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی رپورٹ مرتب کررہی ہے۔ یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ نیپرا نے کسی کو کلین چٹ دیدی ہے۔ رپورٹ میں کے الیکٹرک کی آن گرائونڈ صورتحال اور تکنیکی امور کا جائزہ لیا جائے گا۔ متعلقہ اتھارٹی سے منظوری کے بعد رپورٹ میڈیا کو جاری کی جائے گی۔ کراچی کے سرکاری و نجی ہسپتالوں میں ہیٹ سٹروک سے اتوار کو مزید 35 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جناح ہسپتال میں جاں بحق افراد کی تعداد چار سو سے بڑھ گئی جبکہ پٹیل ہسپتال میں اب تک چھتیس افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق جاں بحق افراد کی تعداد پندرہ سو سے تجاوز کرگئی ہے۔ سول ہسپتال میں 170، عباشی شہید ہسپتال میں 190، بلدیہ عظمی کراچی کے ہسپتال میں 30، سندھ گورنمنٹ ہسپتال نیو کراچی میں 20، سندھ گورنمنٹ کورنگی جنرل ہسپتال میں 25، انڈس ہسپتال میں 39، ضیاء الدین ہسپتال تین برانچوں میں 55، لیاقت نیشنل ہسپتال میں 68، سندھ گورنمنٹ قطر ہسپتال میں 39، آغا خان ہسپتال میں 30، میمن میڈیکل انسٹی ٹیوٹ ہسپتال میں 23، پٹیل ہسپتال میں 40، قومی ادارہ برائے صحت امراض قلب میں 50 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔سندھ کے وزیر بلدیات شرجیل میمن نے عباسی شہید ہسپتال جا کر مریضوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کراچی میں بجلی کے مسائل کی ذمہ دار کے الیکٹرک اور وفاقی حکومت ہے۔ کے الیکٹرک اپنے بوسیدہ سسٹم کو ٹھیک نہیں کر رہی وہ اپنے سسٹم سے اربوں روپے منافع کماتی ہے۔ سسٹم کو ٹھیک کرنے کیلئے ایک روپیہ بھی نہیں لگایا، کے الیکٹرک والے اپنا قبلہ درست کرتے ہوئے بوسیدہ سسٹم کو ٹھیک کرے۔ لوڈشیڈنگ لوگوں کیلئے عذاب بن چکی ہے۔ ہیٹ سٹروک کے باعث ہسپتالوں میں لوگوں کی میتیں آرہی ہیں۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا ہیٹ سٹروک سے مرنیوالوں میں بڑی عمر کے لوگ زیادہ ہیں۔ کراچی میں بجلی کا بحران جاری رہا تو اموات کی شرح کم نہیں ہوگی۔ وفاقی حکومت نے 6 ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ کیا تھا گرمی اور لوڈ شیڈنگ سے سینکڑوں جانیں گئیں۔ حکومت سندھ نے کہا ہے کراچی میں اموات کی ذمہ دار کے الیکٹرک اور وفاق ہیں۔ کمشنر کراچی شعیب صدیقی کی ہدایت پر 80 مقامات پر ہیٹ سٹروک سنٹرز بھی قائم کردیئے گئے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر ہیلپ لائن 1299کو ہیٹ سٹروک کا درجہ دیدیا گیا ہے۔نیشن رپورٹ کراچی میں بجلی بحران کے دوران ہلاکتوں کی تحقیقات کرنیوالی نیپرا کے الیکٹرک کیخلاف کارروائی پر غور کررہی ہے۔ وہ ایڈمنسٹریٹر لگا سکتی ہے یا بھاری جرمانہ کرسکتی ہے۔ حکام نے بتایا ریگولیٹری اتھارٹی کے طور پر نیپرا کو اختیارحاصل ہے کہ وہ کے الیکٹرک کی شہریوں کو بجلی سپلائی کرنے میں ناکامی پر وہاں اپنا ایڈمنسٹریٹر تعینات کرے یا 100 ملین جرمانہ عائد کرے۔ معاہدے کے مطابق نیپرا کے الیکٹرک کو 0.5 ملین روپے روزانہ کے حساب سے جرمانہ بھی کرسکتی ہے تاہم نیپرا ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پر سیاسی دبائو ہے کہ وہ کے الیکٹرک کے ساتھ معاملات سخت اقدامات کے بغیر حل کرے۔ گزشتہ روز نیپرا چیئرمین نے وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی کے ساتھ کراچی میں کے الیکٹرک کے عہدیداروں سے ملاقات کی۔ نیپرا پہلے ہی ایک تحقیقاتی ٹیم بنا چکی ہے جس کی رپورٹ چند روز میں سامنے آنے والی ہے۔ عہدیداروں کو یقین ہے کہ نیپرا کی مشکلات ٹیکنیکل اور فنانشل قسم کی ہیں۔


لاہور+ قصور+ شیخوپورہ+ حافظ آباد (نامہ نگاران+ آئی این پی) ملک بھر میں چھٹی کے روز بھی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری رہا۔ وفاقی دارالحکومت کے پوش علاقوں ایف سکس، ایف سیہون، آئی ٹین، ایف ٹن، ایف الیون، جی ٹین، جی الیون، جی نائن مرکز سمیت ملحقہ علاقوں میں اعلانیہ لوڈشیڈنگ ہوتی رہی جبکہ قصور، شیخوپورہ، حافظ آباد، بچیکی، راولپنڈی، ساہیوال، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، چکوال، میانوالی، میاں چنوں سمیت ملک کے کئی علاقوں میں دن بھر اعلانیہ کے ساتھ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بھی ہوتی رہی جبکہ ترجمان وزارت پانی و بجلی نے دعویٰ کیا اتوار کو 96 فیصد شہری اور 90 فیصد دیہی آبادی کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کی جا رہی ہے۔ کے الیکٹرک کے سوا ملک بھر میں بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے لوڈشیڈنگ ختم کردی، 16 کروڑ صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ شدید گرمی سے لاہور، بھلوال اور نارنگ منڈی میں 2 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ نارنگ منڈی میں شدیدگرمی کی تاب نہ لاتے ہوئے یوسف نامی ایک نوجوان جاںبحق ہوگیا جبکہ مقامی لاری اڈا میں چار مسافر بے ہوش ہوگئے۔ یہاں بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے اور رمضان المبارک میں عوام کو شدید پریشانی اٹھانا پڑ رہی ہے۔ بھلوال کے چک سات الف میں صدیق کی بیٹی کنیز بی بی اور اللہ یار کی اہلیہ ارشاد بی بی دو خواتین گرمی کی شدت کے باعث جاں بحق ہوگئیں۔ لاہور میں لوئر مال کے علاقہ میں 60 سالہ نامعلوم شخص اچانک چلتے ہوئے بے ہوش ہو گیا اسے راہگیروں نے میوہسپتال پہنچایا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی حلیئے سے بھکاری معلوم ہوتا ہے۔ بھاٹی گیٹ اور اچھرہ میں بھی دو نامعلوم افراد گرمی کے باعث جاں بحق ہوگئے۔ پولیس نے نعشیں پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کرا دی ہیں۔ قصور سے نامہ نگاران کے مطابق رمضان المبارک میں بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ گائوں میں 18گھنٹے اور شہروں میں 12گھنٹے بجلی کی آنکھ مچولی نے کاروبار تباہ کردئیے اور خواتین نے ماتم کیا۔ مساجد میں وضو کیلئے پانی بھی غائب رہا۔ نامہ نگار خصوصی کے مطابق شیخوپورہ اور اسکے نواحی علاقوں میں ہفتہ کو گرمی کے باعث کاروبار زندگی شدید متاثر ہوا۔ دوپہر کے وقت کئی علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دوران شہریوں بالخصوص روزہ داروں کو شدید گرمی اور حبس کا سامنا کرنا پڑا۔ گرمی کے باعث کئی سڑکوںپر ہو کا عالم تھا۔ نمائندہ نوا ئے وقت کے مطابق حافظ آباد میں سحر، افطار اور نماز تراویح کے اوقات کے دوران بجلی کی غیرا علانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ شہر اور اسکے گرد و نواح میں بجلی کی 16، 16 گھنٹے بندش نے عوام کی زندگی اجیر ن کرڈالی ہے جس کی وجہ سے روزہ دار اور گرمی سے نڈھال شہری حکمرانوں کو کوستے دکھائی دیتے ہیں۔ بچیکی سے نامہ نگار کے مطابق سارا دن سورج آ گ برساتا رہا، جبکہ کئی کئی گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے روزہ دار بے حال ہوگئے، واپڈ ا کی طرف سے ہر آدھے گھنٹے کے بعد دو دو گھنٹے بجلی بند کی جاتی رہی۔ گزشتہ رات بجلی بند ہونے سے نمازیوں کو نماز تراویح کی ادائیگی کے دوران شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کاروبار بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ مقامی شہریوں نے ساری صورتحال پر شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیراعظم سے فوری نوٹس لینے اور غیراعلانیہ طویل ترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ این این آئی کے مطابق پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے اتوار کو بھی خیبرپی کے کے بجلی کے کوٹہ میں 396 میگاواٹ کی کمی کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن