ورلڈ ہاکی لیگ: پنلٹی سٹروک ضائع، ناقص کارکردگی، پاکستان، فرانس کا میچ برابر
لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر )ورلڈ ہاکی لیگ میں پاکستان اور فرانس کے درمیان آخری گروپ میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو دو گول کی برابری پر ختم ہوگیا جس کے بعد پاکستان کی پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن برقرار ہے۔بیلجیئم کے شہراینٹورپ میں جاری ورلڈ ہاکی لیگ میں فرانس کے مارٹن بریسکس نے پہلے کوارٹر میں گول کرکے میچ میں ایک صفر کی سبقت حاصل کی تاہم ہاف ٹائم کے بعد پاکستان کے وقاص شریف نے شاندار گول کرکے میچ برابر کردیا۔اس دوران دونوں ٹیموں کی جانب سے ایک دوسرے پر برتری کے لیے حملے جاری رہے اور تیسرے کوارٹر کے آغاز میں فرانس کے کھلاڑی میسون چارلس نے گول کرکے ایک مرتبہ پھر سے اپنے ٹیم کو برتری دلوا دی لیکن تیسرے کوارٹر کے اختتامی لمحات میں محمد دلبر نے جوابی گول کرکے سکور ایک مرتبہ پھر سے برابر کر دیا۔چوتھے کوارٹر میں بھی دونوں جانب سے گول کرنے کی بھرپور کوششیں کی گئیں مگر کو بھی ٹیم گول سکور میں کامیاب نہ ہو سکی اور میچ دو دو گول سے برابر رہا۔پاکستان کو میچ میں پنالٹی سٹروک ملا مگر کپتان محمد عمران گول کرنے میں ناکام رہے ‘قومی ٹیم کو پنالٹی کارنرز بھی ملے مگر ان سے بھی فائدہ نہ اٹھایا جاسکا۔اس میچ کے بعد گروپ میں پانچ پوائنٹس کے ساتھ پاکستان تیسرے نمبر پر جب کہ فرانس چوتھے نمبر پر موجود ہے۔یاد رہے کہ ریو اولمپکس 2016 میں شرکت کے لیے پاکستان کو سیمی فائنل میں کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے۔آسٹریلیا نے بھارت کو 6-2 گول سے شکست دیدی۔آسٹریلیا نے بھارت کو شکست دے کر گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔