پاکستان میں شہری سالانہ 650ارب روپے کی خیرات کرتے ہیں: حکومتی رپورٹ
اسلام آباد (اے پی پی) وزارت اطلاعات و نشریات کے تحقیقی شعبہ پاکستان پیس کولیکٹو (پی پی سی) کے زیر انتظام کئے گئے ملک گیر سروے کے مطابق پاکستانی ہر سال 650ارب روپے کی خیرات کرتے ہیں جس میں مساجد ، مدرسوں، غریب اور بے گھر افراد، ضرورت مند رشتہ داروں، دہشتگردی سے متاثرہ افراد اور ہسپتالوں کو دی جانے والی زکو ٰ، صدقات ، چندے اور خیرات شامل ہیں۔ رواں سال ملک بھر میں ”خیرات“ کے حوالے سے کئے گئے سروے کے مطابق 78فیصد پاکستانی خیرات دیتے ہیں جبکہ 69 فیصد کرنسی کی صورت میں خیرات کرتے ہیں۔ سروے میں14فیصد افراد نے کہا کہ وہ سکول کی تعلیم یا مقامی کلینک یا ہسپتال کو خیرات دینا پسند کرتے ہیں۔ 16فیصد افراد نقد رقم یا اجناس کی صورت میں خیرات کرتے ہیں۔ اسی طرح 87فیصد مرد اور67 فیصد خواتین خیرات کرتی ہیں۔