فنڈنگ کے مشتبہ ذرائع، پنجاب میں 10 ملکی و غیر ملکی این جی اوز کی نگرانی سخت
لاہور (جواد آر اعوان/ نیشن رپورٹ) پنجاب میں فنڈنگ کے مشتبہ ذرائع کے حوالے سے 10 عالمی اور مقامی این جی اوز کی نگرانی سخت کردی گئی ہے۔ ان این جی اوز کے ریاستی مفادات کے خلاف سرگرمیوں میں مبتدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے جس پر نظر رکھی جائے گی۔ اسی طرح پنجاب میں اپنے چارٹر کی خلاف ورزی کرنے والی 2 درجن این جی اوز کو واچ لسٹ میں شامل کرلیا گیا ہے جن میں مغربی اور مسلم ممالک سے فنڈز لینے والی این جی اوز بھی شامل ہیں۔ سکیورٹی ذرائع نے ”دی نیشن“ کو بتایا کہ فنڈنگ غیر واضح ہونے کی بنا پر ان 10 این جی اوز کو بلیک کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔ حال ہی میں این جی اوز کی سکریننگ کی مہم کے دوران گرے، بلیک اور گرین کی کیٹیگری بنائی گئی تھیں۔ بلیک کیٹیگری میں شامل این جی اوز وہ ہیں جو دانستہ یا نادانستہ طور پر ملکی مفادات کیخلاف سرگرمیوں میں تعاون کرتی ہیں۔ واچ لسٹ میں رکھی گئی 2 درجن این جی اوز کو گرے کیٹیگری دی گئی ہے۔ ان این جی اوز کو گھوسٹ این جی او بھی کہا جاسکتا ہے۔ ان سے متعلقہ افراد این جی اوزکے نام پر دیگر غیر مناسب سرگرمیوں میں ملوث ہوسکتے ہیں۔
پنجاب/ این جی اوز