آلو، چینی، دال چنا سمیت13 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں، ادارہ شماریات
کراچی (صباح نیوز) پاکستان میں گزشتہ ہفتے حساس قیمتوں کے اشاریے پر مبنی افراط زر کی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.37 فیصد کمی دیکھی گئی۔ پاکستان بیورو شماریات سے جاری اعدادوشمار کے مطابق 25 جون کو ختم ہونیوالے ہفتے کے دوران 8 ہزار روپے تک ماہانہ کمانے والوں کیلئے افراط زر کی شرح میں 0.25، 12 ہزار روپے تک ماہانہ آمدن والوں کیلئے 0.31 فیصد، 18 ہزار روپے ماہانہ کمانے والوں کیلئے 0.35 فیصد، 35 ہزار روپے ماہانہ کمانے والوں کیلئے 0.39 فیصد اور اس سے زائد ماہانہ کمانے والوں کیلئے ہفتہ وار بنیادوں پر افراط زر کی شرح میں 0.41 فیصد کمی ہوئی۔ پاکستان بیورو شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے سالانہ بنیادوں پر افراط زر کی شرح میں 0.43 فیصد کا اضافہ ہوا۔ اعدادوشمار کے مطابق 25 جون کو ختم ہونیوالے ہفتے کے دوران ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جن میں آلو کی قیمت 3.35 فیصد کے اضافے سے 27.14 روپے فی کلو، چینی3.30 فیصد کے اضافے سے 64.73 روپے فی کلو، کیلے 3.18 فیصد کے اضافے سے 102.52 روپے فی درجن، دال چنا 1.38 فیصد کے اضافے سے 101.30 روپے فی کلو، چائے کی پتی 1.05 فیصد کے اضافے سے 154.77 روپے فی 200 گرام، گڑ 0.88 فیصد کے اضافے سے 90.56 روپے فی کلو، گندم 0.79 فیصد کے اضافے سے 327.04 روپے فی 10 کلو، سرخ مرچ پسی ہوئی کھلی 0.38 فیصد کے اضافے سے 270.17 روپے فی کلو، دال ماش0.37 فیصد بڑھ کر 183.81 روپے فی کلو اور آٹے کی قیمت 0.20 فیصد کے اضافے سے 376.45 روپے فی 10 کلو ہوگئی جبکہ سگریٹ، پرنٹڈ لان اور گائے کے ہڈی والے گوشت کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔ گزشتہ ہفتے 11 اشیائے ضروری کی قیمتوں میں کمی ہوئی ان میں ٹماٹر 14.66 فیصد، زندہ مرغی 10.04 فیصد، پیاز 3.58 فیصد، دال مونگ 0.87 فیصد، ایل پی جی0.49 فیصد، لہسن 0.45 فیصد، ویجی ٹیبل گھی کھلا/ تھیلی 0.41 فیصد، دال مسور 0.31 فیصد، انڈے کی قیمت 0.12 فیصدکمی ہوئی باسمتی ٹوٹا چاول اور بریڈ سمیت 29 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
مہنگائی