• news

این اے 98: الیکشن ٹربیونل نے ایم این اے طارق محمود کیخلاف دائر انتخابی عذرداری خارج کردی

لاہور، قلعہ دیدار سنگھ (اپنے نامہ نگار سے + نامہ نگار) الیکشن ٹربیونل نے این اے 98 میں ہونے والے انتخابات میں کامیاب ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار طارق محمود کیخلاف دائر انتخابی عذر داری خارج کردی۔ 2013ء میں ہونے والے عام انتخابات میں این اے 98 سے منتخب ہونے والے طارق محمود کیخلاف پیپلز پارٹی کے امیدوار امتیاز صفدر وڑائچ نے جعلی ڈگری کا الزام لگاکر انتخابی عذرداری دائر کرتے ہوئے انتخابات دوبارہ کرانے کی استدعا کی۔ الیکشن ٹربیونل کے جج کاظم ملک نے کیس کی سماعت مکمل کرتے ہوئے گزشتہ روز دائر عذر داری خارج کردی۔ قلعہ دیدار سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق عدالتی فیصلہ آنے کے بعد میاں طارق محمود کے ڈیرے قلعہ دیدار سنگھ پر مبارکباد دینے والوں کا تانتا بندھ گیا۔ سینکڑوں حامیوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور مٹھائی تقسیم کی۔ اس موقع پر میاں طارق محمود نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 11 مئی 2013ء کے بعد میں نے 29 جون 2015ء کو چوہدری امتیاز صفدر وڑائچ کو دوسری بار شکست دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن