• news

امریکہ، اسرائیل اور بھارت مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں: صلاح الدین

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپریم کمانڈر حزب المجاہدین سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیر میں انسانی زندگیوں کو اجیرن بنا رکھا ہے یہودوہنود نے ایک سازش کے تحت دنیا کی سپر طاقت کو اپنے قبضے میں لے رکھا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز جماعت اسلامی لاہور کی جانب سے دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور بھارت ایک تثلیث ہیں اور ان شیطانی قوتوں کا امت مسلمہ کے خلاف باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت اتحاد موجود ہے اور یہ تینوں پوری مسلم دنیا میںخاص کر مصر، بنگلہ دیش ، میانمار اور کشمیر میں مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں۔ پاکستان کی خاطر قربانیاں دینے والوں کو بنگلہ دیش میں بھارت کی ایماء پر پھانسیوں کی سزائیں دی جارہی ہیں ۔ جبکہ مصر میں اخوان المسلمون کے قائدین سمیت ہزاروں کا رکنوں کو یہودوہنود کے پروردہ جرنیل نے موت کی سزائیں سنائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی و زیر اعظم نریندر مودی نے آتے ہی کشمیر میں مسلمان اور پاکستان دشمنی کا اعلان کیا۔ مودی ایک فکری ہندو ہے اس کا خیال ہے کہ جب تک پاکستان کا وجود ہے بھارت سپر طاقت نہیں بن سکتا۔ بی جے پی نے اپنے انتخابی منشور میں آزاد کشمیر کو بھارت میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مودی کے ہاتھ گجرات میں ہزاروں مسلمانوں کے خون سے رنگین ہیں لیکن ہمارے دنیا پرست حکمران اپنی دنیا بنانے میں مصروف ہیں ہم بہت پہلے کہتے آئے ہیں کہ پاکستان میں دہشتگردی کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسی را ملوث ہے اب حقیقت روز روشن کی طرح عیاں ہو چکی ہے۔ امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود نے کہا کہ نریندرمودی کے برسر اقتدار آنے کے بعد بھارت نے پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلق قائم کرنے کی بجائے جارحانہ اقدامات شروع کر دیئے۔ مودی سرکار مسئلہ کشمیر پربات چیت کے لیے آمادہ ہی دکھائی نہیں دیتی۔

ای پیپر-دی نیشن