پنجاب میں سولر منصوبے کی تکمیل سے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے میں مدد ملے گی: ظہیر بھٹہ
لاہور(کامرس رپورٹر)چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن ظہیر بھٹہ نے پنجاب حکومت اور چینی کمپنی کے مابین چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور منصوبہ کے تحت 300میگا واٹ کے سولر منصوبے کے معاہدہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 300میگا واٹ سولر منصوبہ 25دسمبر تک مکمل ہونے اور اس سے بجلی کی پیداوار شروع ہونے سے لوڈشیڈنگ کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے خالد افضل شیخ سینئر وائس چیئرمین ،نعمان حسین وائس چیئرمین کے ساتھ ٹائون شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ظہیر بھٹہ نے کہا کہ توانائی بحران نے عوام کے ساتھ ساتھ صنعتکاروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے پنجاب حکومت کی جانب سے توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے نئے منصوبے اور ان کا ٹائم فریم مقر ر کرنا اچھا فیصلہ ہے ۔انہوںنے کہا کہ حکومت سستی بجلی کے حصول اور توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے واپڈا کے قابل عمل منصوبہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا آغاز کرے، کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے 3600میگا واٹ سستی بجلی کے علاوہ دریائوں میں سارا سال زرعی ضروریات کے لیے وافر پانی بھی دستیاب رہے گا زراعت ترقی کرے گی تو صنعتوں کو وافر خام مال دستیاب ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ مہنگی بجلی عوام اور صنعتکاروں کے مفاد میں نہیں کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے 2روپے والی سستی بجلی حاصل ہوگی ۔