• news

آئندہ 5 برسوں میں پاکستان اور چین کی باہمی تجارت 20 ارب سے بڑھ جائیگی: طاہر جاوید

لاہور (اے پی پی) آئندہ پا نچ برسوں میں پاکستان اور چین کے درمیان باہمی تجارت 20 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائے گی تاہم آٹو موبیل انڈسٹری میں پاک چین مشترکہ منصوبے شروع کرنے سے وسیع پیمانے پر ملک میں چینی سرمایہ کاری آ سکتی ہے۔یہ بات پیاف کے سابق چیئرمین اور لاہور چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر طاہر جاوید ملک نے اے پی پی کو دیئے گئے ایک انٹر ویو میں کہی ۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور چین کے درمیان 46ارب ڈالر کے معاہدے پاکستان کی تقدیر بدل دیں گے جن میں لاہور کراچی موٹر وے،اقتصادی راہداری،توانائی کے منصوبے اور صنعتی زونوں کے قیام سمیت دیگر منصوبے شامل ہیں ۔چینی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں مختلف منصوبوں میں وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری کرنے سے بیرونی دنیا کا پاکستان پر اعتماد بڑھے گا جس سے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی تاہم حکومت کو چاہئے کہ وہ سب سے پہلے توانائی کا بحران دور کرنے کیلئے بجلی پیدا کرنے والے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور چین کے درمیان قانونی تجارت 8ارب ڈالر سے زائد ہے جس میں سے پاکستان کو 3ارب ڈالر کا خسارہ اور تجارتی توازن چین کے حق میں ہے لہٰذا حکومت کو چاہئے کہ وہ چین کے ساتھ تجارتی حجم بڑھائے اور تجارتی توازن اپنے حق میں کر ے ۔

ای پیپر-دی نیشن