پاکستان سپرلیگ کے انعقاد سے ملکی کرکٹ میں انقلابی تبدیلیاں آئینگی : باسط علی، عامر نذیر
لاہور (نمائندہ سپورٹس)پاکستان سپر لیگ کے کامیاب انعقاد سے ملکی کرکٹ میں انقلابی تبدیلیاں آئیں گی۔یہ لیگ ملکی کرکٹ میں سنگ میل ثابت ہو گی۔پی ایس ایل کے آغاز سے پاکستان کے فرسٹ کلاس کرکٹرز کو مالی طور پر بے پناہ فائدہ ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان کرکٹ بورڈ کی جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ لیگ اب نہیں ہو سکی تو کبھی نہیں ہو سکے گی۔ متحدہ عرب امارات میں ہی لیگ کا انعقاد بہتر فیصلہ ہے۔غیر ملکی کھلاڑیوں کے اس لیگ میں آکر کھیلنے سے ہمارے نوجوان پلئیرز کو بہت فائدہ ہوگا۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر عامر نذیر کا کہنا تھاکہ سپر لیگ سے کھلاڑیوں کے معاشی حالات بہتر ہوں گے۔ پاکستان میں کرکٹ کے ٹیلنٹ کا بھی اندازہ ہو جائے گا۔یہ لیگ ہمارے کھلاڑیوں کے لئے ہی نہیں بلکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ٹاپ آفیشلز کے لئے بھی ٹیسٹ کیس ہے۔ لیگ کو کامیاب بنانے کیلئے بورڈ کو محنت کی ضرورت ہے۔ ہمیں آج سے ہی اس لیگ میں شرکت کرنیوالے کھلاڑیوں کی ٹریننگ کا کام شروع کر دینا چاہئے تاکہ سپانسر میں ٹیموں کے حصول کیلئے دوڑ لگ جائے۔