رمضان المبارک کاپہلا عشرہ‘80لاکھ مسلمانوں نے مسجد الحرام میں عبادت کی
مکہ(اے پی پی) رمضان المبارک کے پہلے عشرہ کے دوران 80 لاکھ فرزندان اسلام نے خانہ کعبہ کی زیارت اور مسجد الحرام میں عبادت کا شرف حاصل کیا یہ بات حج اینڈ عمرہ پبلک ایڈمنسٹریشن کے سربراہ ڈاکٹر صالح صفر نے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعداد گزشتہ سال کی اس مدت کے مقابلہ میں 49 فیصد زیادہ ہے ان افراد کو مسجد الحرام تک لانے اور لے جانے کے لئے 38 ہزار گاڑیاں استعمال کی گئیں ۔دریں اثناء مسجد الحرام میں صفائی و تزئین کے شعبہ کے سربراہ ماہر الظہرانی نے مسجد الحرام میں افطاری کے وقت موجود افراد سے کہا ہے کہ وہ افطاری کے لئے اپنے ساتھ چند کھجوریں ‘ آب زم زم اور کافی لائیں ‘ بہت زیادہ کھانے پینے کی اشیاء ساتھ لانے کے نتیجے میں مسجد کی صفائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مسجد الحرام میں صفائی کے لئے 2500 ملازمین تعینات ہیں جو روزانہ 143ٹن کوڑا اٹھاتے ہیں ۔