گوادر کی ترقی کو ہر صورت مقامی آبادی کیلئے سود مند بنائینگے : عبد المالک بلوچ
کوئٹہ(بیورو رپورٹ) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ گوادر کی ترقی کو ہر صورت مقامی آبادی کے لیے سود مند بنائیں گے، انہوں نے ہدایت کی ہے کہ گوادر کی پرانی آبادی کے لوگوں کو پانی، سیوریج اور دیگر شہری سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، وہ منگل کے روز گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے گورننگ باڈی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سربندر، جیٹی اور پشکان جیٹی کی تعمیر جاری ہے اور سربندر میں 70فیصد اور پیشکان میں 29 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ہدایت کی کہ دونوں جیٹی کی تعمیر جلد از جلد مکمل کی جائے، اجلاس کو پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اس منصوبے میں 300میگا واٹ کول پاور ، نئے ائیرپورٹ کی تعمیر، ایل این جی ٹرمینل، واٹر سپلائی، سی ڈی اے ہسپتال، فری زون اور ایسٹ بے ایکسپریس کی تعمیر شامل ہے، اجلاس کو بتایا گیا کہ پاک چائنا ووکیشنل سینٹر کی تعمیر کے لیے گرانٹ موصول ہو گئی ہے اور اس سال کام شروع ہو جائے گا، وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر گوادر اور گوادر ضلعی کونسل کے چیئرمین کو ہدایت کی کہ وہ سوڑ ڈیم کے متاثرین کو معاوضہ کی ادائیگی کا مسئلہ بلا تاخیر حل کریں، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گوادر پورٹ کے فعال ہونے سے قبل ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کو فعال کیا جائے، تاکہ مقامی آبادی کو ترقی کے عمل سے مستفید کیا جا سکے۔ مزید برآں ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت بلوچستان میں سرمایہ کاری کا بھرپور خیر مقدم کرے گی، صوبے میں بڑے سرمایہ کاری کے منصوبوں سے بے روزگاری کے خاتمہ میں نہ صرف مدد ملے گی بلکہ صوبائی حکومت کو ٹیکس کی مد میں آمدنی بھی ہوگی ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف ایگزیکٹو آفیسر حبکو خالد منصور کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے کیا۔