کوئٹہ میں فائرنگ، ایک ہی خاندان کے 3 پنجابی ویلڈر جاں بحق/ پشین، چوکی پر حملہ، لیویز اہلکار شہید
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) پشین میں چیک پوسٹ پر حملے میں ایک لیویز اہلکار شہید ہو گیا۔ بدھ کے روز ضلع پشین میں بادینی لیویز چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی جس سے اہلکار نور محمد شہید ہو گیا، دہشت گرد موقع سے فرار ہونے میںکامیاب ہوگئے جبکہ کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ کوئٹہ کے بارونق اور کاروباری علاقے سرکی روڈ پر نامعلوم افراد نے بدھ کے روز ویلڈر کی دکان پر فائرنگ کر دی جس سے 3افراد نادر، اسد، وارث شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طورپر سول ہسپتال کوئٹہ پہنچایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گئے۔تینوں کا تعلق پنجاب سے تھا۔ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ دو افراد کا تعلق سرکی کلاءسے جبکہ تیسرے شخص کا تعلق قلند مکان سے ہیں۔ ادھر ایف سی نے پنجگور کے علاقے خدابادان میں کارروائی کرکے تین دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا۔ ایرا ن کی جانب سے پنجگور میں دو مختلف علاقوں میں راکٹ داغے گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیںہوا۔ ایرانی سرحد سے ضلع پنجگور کے علاقے گورکان میں پانچ راکٹ داغے گئے جو آبادی سے دور گرے اور دھماکے سے پھٹ گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ علاوہ ازیں منگل کی شب جعفرآباد کے علاقے میر حسن میں پولیس کی چوکی پر حملے میں زخمی ہونے والا ایک پولیس اہلکار گزشتہ روز دم توڑ گیا۔ ادھر کچلاک میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔ کوئٹہ میں موٹر سائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر بھی ایک کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا گیا۔ مچھ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق جاں بحق شخص مچھ جیل میں سزا بھگت کر اپنے علاقے میں واپس جا رہا تھا۔ جاں بحق شخص عبدالقادر کو تھوڑی دیر قبل جیل سے رہا کیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں مندر کے علاقے میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد نے راکٹ حملہ کیا۔ ایف سی کی جوابی کارروائی پر ملزمان فرار ہو گئے۔ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ علاوہ ازیں لورالائی میں ایف سی کی گاڑی الٹنے سے 6 اہلکار زخمی ہوگئے۔
لیویز اہلکار شہید