• news

قومی ایکشن پلان سبوتاژ کرنے کے مجرمانہ حکومتی کردار سے جلد پردہ اٹھائونگا: طاہر القادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ دہشتگردی، بدعنوانی اور ناقص حکمرانی ایک جیسی برائیاں ہیں، رمضان المبارک میں مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور عوام کی مشکلات بڑھیں۔ حکمران عوام کو بجلی، پانی، روزگار، انصاف نہیں دے سکتے تو عوامی خدمت کے آئینی ایوان خالی کر دیں۔ کراچی میں لوڈشیڈنگ کے باعث ہونے والی 15سو اموات مک مکا کا سیاسی کلچر نگل گیا۔ گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر سابق وزیر خارجہ سردار آصف احمد علی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمران 2 سال سے کرپشن کے میگا سکینڈلز پر پردہ ڈال رہے تھے سپریم کورٹ نے ان کی رپورٹ طلب کر لی ہے، امید ہے دہشتگردی کے خلاف ضرب عضب آپریشن کی طرز پر حکمرانوں کی کرپشن کے خلاف بھی آپریشن منطقی انجام تک پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی ایکشن پلان کے 80فیصد حصہ پر حکمرانوں نے عملدرآمد کرنا تھا جو نہیں ہوا چونکہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ ان حکمرانوں کی ترجیحات میں شامل ہی نہیں۔ دہشتگرد فوج کے آپریشن کے باعث زیر زمین چلے گئے جس کی وجہ سے بظاہر امن نظر آتا ہے لیکن انتہا پسندی کے مائنڈ سیٹ کو تبدیل کرنے اور دہشتگردی کی نرسریوں کو ختم کرنے کے حوالے سے جو کام حکومت کے کرنے کے تھے وہ 7 ماہ گزر جانے کے بعد بھی نہیں ہوئے۔ حکمران قومی ایکشن پلان فوج کے سپرد کر کے خود سڑکوں، بڑھکوں اور میٹرو بسوں کو چلانے کے کام پر لگ گئے کیونکہ ان کاموں میں کمیشن اور بڑی بڑی کک بیکس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے قومی ایکشن پلان کو سبوتاژ کرنے کیلئے کس قسم کے مجرمانہ کردار کا مظاہرہ کیا، بہت جلد اس سے پردہ اٹھائوں گا۔

ای پیپر-دی نیشن