اقتصادی راہداری منصوبے کا مغربی روٹ دسمبر 2016ء تک فعال ہوگا: احسن اقبال
اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیرمنصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کا مغربی روٹ دسمبر 2016 تک فعال ہو جائے گا، مغربی روٹ کی تکمیل سے بلوچستان کے سماجی اور اقتصادی حالات میں ایک نمایاں تبدیلی رونما ہو گی۔ حکومت ملک کے تمام حصوں میں یکساں ترقی چاہتی ہے، اقتصادی راہداری منصوبہ اس سلسلے میں معاون ثابت ہوگا۔ اقتصادی راہداری کے گوادر تا سوراب سیکشن کے دورے سے واپسی پر وزارت منصوبہ بندی و ترقی میں صحافیوںسے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کل جماعتی کانفرنس میں کئے گئے فیصلوں کے مطابق چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے مغربی روٹ کی تعمیر سب سے پہلے کی جارہی ہے۔ اقتصادی راہداری منصوبے سے بلوچستان کو سب سے زیادہ فائدہ پہنچے گا جبکہ دوسرے صوبے اور خطے بھی اس کے ثمرات سمیٹ پائیں گے۔ حکومت مغربی روٹ کی تعمیر میں مخلص ہے جس کا اظہار اس روٹ پر ہونے والے تیزی سے ہونے والا ترقیاتی کام ہے حالانکہ مغربی روٹ کی تعمیر مشکل اور کٹھن کام ہے لیکن ایف ڈبلیو او اس پر تندہی اور جانفشانی سے کام کر رہی ہے۔ پچاس سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں کام کرنے والے جوان ملک و قوم کے لئے گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کچھ ناقدین کے اعتراضات کے جواب میں کہا کہ گوادر اور سوراب سیکشن دو لین روڈ ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے میں چھ لین موٹروے کا کوئی منصوبہ شامل نہیں۔ سوراب گوادر سیکشن کی تکمیل سے گوادر بندرگاہ مختلف روٹس کے ذریعے ملک کے تما م حصوں سے جڑ جائے گی۔ حکومت ملک کے تمام حصوں میں یکساں ترقی چاہتی ہے، یہ منصوبہ اس سلسلے میں معاون ثابت ہوگا۔