• news

پنجاب اور سندھ حکومت کا بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کیلئے الیکشن کمشن سے رابطہ

اسلام آباد (آئی این پی) پنجاب اور سندھ حکومتوں نے اپنے صوبوں میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کیلئے الیکشن کمیشن سے رابطہ کرلیا۔ الیکشن کمیشن نے انتخابات مرحلہ وار کرانے کی صوبائی حکومتوں کی تجاویز کو سپریم کورٹ میں پیش کرنے پر غور شروع کردیا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب اور سندھ کی حکومتوں نے اپنے ہاں بلدیاتی انتخابات دو یا دو سے زائد مراحل میں کرانے کیلئے الیکشن کمیشن سے باضاطہ رابطہ قائم کرلیا ہے اور درخواست کی ہے کہ ان صوبوں میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کی اجازت دی جائے تا کہ صوبائی حکومتیں آسانی کے ساتھ انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے ضروری انتظامات کرسکیں۔ واضح رہے کہ صوبہ خیبر پی کے میں ایک ہی روز تمام اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے نتیجے میں شدید انتظامی پیچیدگیاں اور بے قاعدگیاں سامنے آئی تھیں جس کے بعد دیگر صوبائی حکومتوں نے ان مشکلات پر قابو پانے کیلئے اور بہتر انتخابی انتظامات کیلئے مرحلہ وار انتخابات کی تجاویز دی ہیں۔ واضح رہے کہ پنجاب میں 2جبکہ سندھ میں 3مراحل میں بلدیاتی انتخابات کرانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ سپریم کورٹ نے 20ستمبر کو پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے آرڈرز جاری کئے ہیں، اب صوبوں کی طرف سے مرحلہ وار انتخابات کی تجاویز آنے کے بعد الیکشن کمیشن نے یہ تجاویز سپریم کورٹ میں پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے تاکہ عدالت کی رہنمائی میں اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن