• news

عمران نے 35 پنکچر کے نام پر قوم کو گمراہ کیا: سعد رفیق

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے چیئرمین تحریک انصاف کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے 35پنکچر کے نام پر قوم کو گمراہ کیا ہے، جھوٹ کا اعتراف کر نے کے بعد وہ صادق اور امین نہیں رہے، قانون کے مطابق عمران خان نااہل ہوگئے ہیں۔ پارلیمنٹ کو جعلی کہنے والوں نے آج اسی پارلیمنٹ سے تنخواہ وصول کی ہے۔ الیکشن کمشن کو شرم کی تلقین کرنے والوں کی اپنی شرم خیبر پی کے کے بلدیاتی انتخابات میں کہاں تھی۔ جمعرات کے روز وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی سیاست مخالفین پر گند اچھال کر اپنا نام بلند کرنے کے سوا کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی جھوٹ بولنے اور دوسروں پر بہتان لگانے کی روش نہیں بدلی ۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان نے دو سال تک قوم کو 35پنکچر کے نام پر بیوقوف بنایا ہے ۔گزشتہ روز نجی ٹی وی پر اس جھوٹ کے اعتراف کے باوجود دھاندلی کا شور مچانے والوں کا بھانڈا پھوٹ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل تک پارلیمنٹ کو جعلی کہنے والوں نے آج اسی پارلیمنٹ سے تنخواہ وصول کی ہے عمران خان شیخ رشید ، پی ٹی آئی ارکان بتائیں بغیر حاضری کے تنخواہ وصول کیو ں کی۔

ای پیپر-دی نیشن