سابق وزرا سمیت مزید سیاسی رہنما پی ٹی آئی میں شامل: تبدیلی کا راستہ روکنا ممکن نہیں رہا: عمران
اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے +ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پنجاب کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے سیاستدانوں کی تحریک انصاف میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تبدیلی کا راستہ روکنا کسی صورت ممکن نہیں۔ تحریک انصاف کا پیغام ملک کے طول وعرض میں پھیل چکا ہے، روایتی سیاستدانوں اور اقتدار کے کھیل میں ملوث بدعنوان عناصر کیلئے پاکستان میں زمین تنگ ہو رہی ہے، انشاء اللہ پاکستان میں صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کا خواب جلد پورا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب بھر کے مختلف اضلاع سے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے سیاسی رہنمائوں اور کارکنوں کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں جہلم سے سابق وفاقی وزیر چودھری شہباز حسین، نارووال سے سابق وزیر مملکت طارق انیس، گوجرانوالہ سے سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر سہیل ظفر چیمہ، راجن پور سے سابق رکن قومی اسمبلی دوست محمد مزاری ،گوجرانوالہ سے چودھری ظفر اللہ چیمہ، شیخوپورہ سے عمر آفتاب ڈھلوں، قصور سے بیرسٹر شاہد محمود، رانا ممتاز جئیہ، فیصل آباد سے چودھری علی اختر، ڈاکٹر شفیق اور نارووال سے عمر شریف شامل ہیں۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے نیشنل آرگنائزر شاہ محمود قریشی، سنٹرل آرگنائزر جہانگیر ترین، پنجاب کے آرگنائزر چودھری محمد سرور اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق بھی موجود تھے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ پارٹی کے کارکن اس کا اصل سرمایہ ہیں۔ پنجاب بھر سے اہم سیاسی کارکنوں اور رہنمائوں کی تحریک انصاف میں شمولیت انتہائی اطمینان کا باعث ہے، اس سے صوبے میں تحریک انصاف کے قدم مضبوط ہوں گے۔ان رہنمائوں کے مطابق تحریک انصاف واحد جماعت ہے جو جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔ ملک بھر سے اہم سیاسی قائدین اور کارکنوں کی تحریک انصاف میں شمولیت اس بات کی علامت ہے کے تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی جماعت جبکہ چیئرمین عمران خان ملک کے سب سے مقبول سیاسی رہنما ہیں۔ دینہ سے نامہ نگارکے مطابق ضلع جہلم میں ق لیگ کو دھچکا لگا ہے، سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔ چودھری شہباز حسین نے بنی گالہ اسلام آباد میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی اور انہوں نے چوہدری فیصل، چوہدری فوق شیرباز، ڈاکٹر فضل الحق، چوہدری طارق ، چوہدری جہانگیر، چوہدری عاطف، ناظمین، نائب ناظمین،سابق کونسلرز اور دیگر ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔