• news

کراچی: فائرنگ سے 8 افراد جاں بحق: سول ایوی ایشن کے سابق چیف‘ 2 ڈائریکٹروں سمیت 4 گرفتار

کراچی (کرائم رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 8 افراد ہلاک اور 4زخمی ہوگئے۔ پاک کالونی کے علاقے قادر ولیج میں فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ فائرنگ کا واقعہ جمعرات کی شب پیش آیا جس کے بعد تینوں ہلاک شدگان بلال بلوچ، غنی بلوچ و رغفور بلوچ کی نعشیں اور زخمی ہونے والے شخص کو سول ہسپتال پہنچایا گیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ لیاری گینگ وار کے عذیر بلوچ اور بابا لاڈلا گروپوں کے درمیان لڑائی کا شاخسانہ ہے۔میٹھادر کے علاقے میں مسکین گلی میں مسلح افراد نے ایک شخص زاہد کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا اور فرا ر ہوگئے جبکہ جیکسن کے علاقے میں مائی کلاچی روڈ پر موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے ایک نوجوان کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا جس کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی۔ اس کے علاوہ نیو کراچی کے سیکٹر فائیو جی میں مکان سے ایک شخص کی لاش ملی ہے جسے مبینہ طور پر تشدد کرکے ہلاک کیا گیا تھا۔ ادھر اورنگی ٹائون کے علاقے گلشن غازی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے دو افراد عامر اور الیاس زخمی ہوگئے۔ علاوہ ازیں ایف آئی اے اینٹی کرپشن نے کارروائی کرکے کراچی میں سی اے اے (سول ایوی ایشن) کے سابق چیف ایچ آر اور 2 ڈائریکٹروں سمیت 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار افسران پر زمینوں کے معاملات میں غبن کا الزام ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں ائر کموڈور (ر) گلزار احمد جنجوعہ سینئر جوائنٹ ڈائریکٹر فنانس شکور، اسسٹنٹ ڈائریکٹر الیکٹرانکس شیخ محمود، چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد رضا کو بھی گرفتار کیا گیا۔ علاوہ ازیں کراچی کے علاقے بلدیہ ٹائون، سعید آباد میں پولیس نے تباہی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کارروائی کے دوران4 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد کرلیا۔ ایس پی بلدیہ ٹاؤن اعجاز ہاشمی کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹائون سعیدآباد میں پولیس نے کارروائی کے دوران 4 دہشتگرد گرفتار کئے۔ دھماکہ خیز مواد بسوں کے مختلف حصوں میں چھپایا گیا تھا جو گوادر سے کراچی لائی جارہی تھیں۔ دہشت گردوں کے قبضے سے ایرانی ڈیزل بھی برآمد کیا ہے جو بسوں کی ٹینکی میں پوشیدہ طور پر سمگل کیا جارہا تھا۔ دونوں مسافر بسیں بھی تحویل میں لی گئیں۔

ای پیپر-دی نیشن