پاکستان کو لوٹنے والوں کے اقتدار اور سیاست کا نام و نشان مٹ جائیگا: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ پاکستان کو لوٹنے اور نوجوانوں کو سیاسی ایندھن کے طور پر استعمال کرنے والوں کے اقتدار اور سیاست کا نام و نشان مٹ جائیگا۔ دنیا بھر میں صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان کرپٹ لیڈر شپ اور ظالم نظام کی وجہ سے خودکشیوں پر مجبور ہیں۔ وہ گزشتہ روز ویمن لیگ کی صدر فرح ناز کی قیادت میں ملنے والے وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے ویمن لیگ کو منظم اور متحرک بنانے کے حوالے سے شاندار تنظیمی کردار ادا کرنے پر فرح ناز کو مبارکباد دی اور کہا کہ میں فخر سے یہ دعویٰ کر سکتا ہوں کہ پاکستان عوامی تحریک واحد جماعت ہے جس کے اندر اعلیٰ تعلیم یافتہ بیٹیاں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے کے دوران عوامی تحریک کی خواتین کارکنان اور عہدیداروں نے جو قومی خدمت انجام دی وہ پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ناقابل فراموش باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک، تحریک منہاج القرآن نوجوانوں سے مل کر انتہا پسندی ، دہشتگردی اور ہر طرح کے سیاسی و مذہبی تعصب اور استحصال کے خاتمہ کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ ہمارے 10 نکاتی انقلابی ایجنڈے میں پاکستان کے ہر غریب کے مسائل کا حل ہے۔