افغان سفیر دفتر خارجہ طلب‘ پاکستانی سفارتکاروں کی گرفتاری‘ انگوراڈا میں فائرنگ پر احتجاج
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت نیوز) پاکستان میں متعین افغان سفیر کو گزشتہ روز دفتر خارجہ طلب کرکے قندھار میں افغان حکام کی طرف سے پاکستانی قونصل خانے کے ایک اہلکار کی گرفتاری پر احتجاجی مراسلہ دیا گیا۔ دفتر خارجہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ قونصل خانے کے مذکورہ اہلکار کو زبردستی لے جاکر حبس بے جا میں رکھا گیا۔ سفیر کی طلبی کے دوران افغان سرحدی پولیس کی طرف سے انگوراڈہ گیٹ پر پاکستانی حدود میں بلااشتعال فائرنگ پر بھی شدید تشویش ظاہر کی گئی جس میں دو سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان موجود قریبی اور برادرانہ تعلقات کے پیش نظر حال ہی میں نمایاں بہتری آئی ہے ایسے واقعات رونما نہیں ہونے چاہئیں۔ افغان سفیر نے یقین دلایا کہ وہ پاکستان کے تحفظات کابل میں اعلیٰ حکام تک پہنچائیں گے۔ بی بی سی کے مطابق افغان حکام پاکستانی قونصلیٹ کے اہلکار کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے تھے تاہم افغانستان میں موجود پاکستانی سفارت خانے اور وزارت خارجہ کی کوششوں سے پاکستانی اہلکار کی رہائی ممکن ہو سکی اور مذکورہ اہلکار کو کابل میں پاکستانی سفارت خانے کے حوالے کر دیا گیا۔ بیان میں اس اہلکار کا نام نہیں بتایا گیا جس کو افغان حکام زبردستی اپنے ساتھ لے گئے تھے۔ واضح رہے کہ افغان حکام نے بھی انگور اڈا میں پاکستانی سکیورٹی فورسز کی طرف سے کی جانے والی فائرنگ پر شدید احتجاج کیا تھا اور کابل میں پاکستانی سفیر کو دفتر خارجہ میں طلب کرکے ان سے شدید احتجاج کیا گیا تھا۔