جوڈیشل کمشن کی رپورٹ ‘ پی ٹی آئی کی اننگز ختم ہوجائیگی: پرویز رشید
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمشن کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔ رپورٹ آجائے گی تو عمران خان کی اننگز ختم اور ہماری شروع ہوجائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میں فیض الاسلام کے زیراہتمام یتیموں کے دن کے انعقاد سے متعلق تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان کے 35پنکچر کے نہیں ان کی سارے بیان سیاسی تھے۔ جوڈیشل کمشن کے فیصلے کا انتظار کریں جب رپورٹ آجائے گی تو عمران خان کی اننگز ختم ہو جائے گی اور ہماری شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس سے متعلق سکاٹ لینڈ یارڈ کی رپورٹ کی پیش رفت پر مبارکباد دیتا ہوں۔ پیپلز پارٹی چھوڑ کے تحریک انصاف میں شامل ہونے والے لوگ اپنے لئے نیا علی بابا تلاش کر رہے ہیں ہمیں ان تعلیمی اداروں کی مالی معاونت کرنی چاہئے جن تعلیمی اداروں میں مذہبی یکجہتی محبت اور پاکستان سے محبت کا درس ہو، عوام ان تعلیمی اداروں میں اپنا پیسہ دینے سے گریز کریں جہاں بچوں کو تعلیم دینے کی بجائے خود کش جیکٹس پہنائی جاتی ہیں اور نفرت کا پیغام دیا جاتا ہے۔