• news

دہشت گردی سے پاک پاکستان حاصل ہونے تک ہم رکنے والے نہیں : آرمی چیف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا دہشت گردوں اور انہیں پیسہ فراہم کرنے والوں کے خلاف آپریشن ملک بھر میں جاری رہے گا۔ دہشت گردی سے پاک پاکستان کے مقصد کے حصول تک ہم نہیں رکیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران آرمی چیف کو آپریشن ضرب عضب کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا اور شوال کے علاقے کو کلیئر کروانے کے حوالے سے پلان کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن ضرب عضب میں دور دراز علاقوں میں قائم سلیپنگ سیل ختم کر دیئے گئے ہیں۔ آرمی چیف نے شوال آپریشن کے ابتدائی مرحلہ میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو سراہا۔ خفیہ معلومات کی بنیاد پر ملک بھر میں آپریشن کرنے والی انٹیلی جنس ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ اس دوران خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا دہشت گردوں اور پیسہ فراہم کرنے والوں کے خلاف آپریشن ملک بھر میں جاری رہے گا۔ پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے کا ہدف مکمل کئے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ آرمی چیف نے تمام متعلقہ حلقوں کو ہدایت کی کہ ملک کے طول و عرض سے دہشت گردوں، ان کے سرپرستوں اور مالی مدد فراہم کرنے والوں کو کسی بھی قیمت پر اور بلاامتیاز پکڑنے کا آپریشن جاری رکھا جائے۔ آرمی چیف نے جمعہ کے روز پاک افغان سرحد کے بالکل قریب اگلے فوجی مورچوں کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے جوانوں کی قربانیوں، فرض سے لگن، اعلیٰ حوصلے اور پیشہ ورانہ استعداد کی تعریف کی اور کہا کہ ان ہی خوبیوں کی بناءپر ان دستوں نے مذکورہ کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ ان زبردست پیشہ وارانہ خوبیوں کی حامل اور جنگ کی بھٹی میں کندن بنی فوج کی کمان کرنا ان کیلئے باعث افتخار ہے۔ آرمی چیف نے ان خصوصی ٹیموں کی کارکردگی کی بھی تعریف کی جنہوں نے انٹیلیجنس بنیادوں پر آپریشن کے ذریعہ دور دراز علاقوں میں موجود دہشت گردوں اور شہروں میں ان کے ٹھکانوں کے درمیان روابط منقطع کئے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بعدازاں جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا کا دورہ کیا جہاں انہیں مقامی افراد کی بحالی کے منصوبوں اور ترقیاتی کاموں کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے اس علاقہ مکمل کئے گئے چھوٹے بڑے منصوبوں کی تکمیل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کاموں کے ذریعہ فوجی آپریشن کے اصل ثمرات ملیں گے اور علاقہ میں پائیدار امن قائم ہو گا۔ آرمی چیف نے عارضی طور پر بے گھر ہونے افراد کی قربانیوں کی تعریف کی اور ان کے مصائب کا ذکر کرتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ ان افراد کی عزت و وقار کے ساتھ ان علاقوں میں واپسی اور بحالی کو یقینی بنایا جائے جہاں بہتر ترقیاتی کام ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں فوج ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔

ای پیپر-دی نیشن