• news

فردوس عاشق اعوان بلاول سے ملاقات کے بعد پیپلز پارٹی کی نائب صدارت سے مستعفی، تحریک انصاف سے رابطے

کراچی (آن لائن) پیپلز پارٹی کی رہنما اور سابق وفاقی وزیر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ میں نے پیپلز پارٹی پنجاب کی نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے تاہم پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے میرا استعفیٰ منظور نہیں کیا، میں پارٹی چھوڑ کر نہیں جا رہی۔ پیپلز پارٹی (ن) لیگ کی ذیلی تنظیم نہیں۔ پیپلز پارٹی میں صرف سندھ حکومت کو بچانے کی سیاست کی جارہی ہے۔ (ن) لیگ کے مظالم کے خلاف محمد بن قاسم تلاش کرنے سندھ آئی ہوں۔ پیپلز پارٹی کو بچانا ہے تو ایک ہفتے تک پارٹی میں ہفتہ صفائی مہم چلانی ہوگی۔ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی پالیسیوں کو کیا ہوگیا ہے، پیپلز پارٹی حکومت بھی کررہی ہے اور اپوزیشن کا کردار بھی کر رہی ہے۔ اگر ہم اپوزیشن بننے کے بجائے حکومت کو کندھا دیں گے تو یہ سیاسی طور پر اپنی قبر خود کھودنے کے متراد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں (ن) لیگ کی غنڈہ گردی اور مظالم عروج پر ہےں۔ پارٹی قیادت کو بار بار آگاہ کیا لیکن کوئی مربوط پالیسی نہیں بنائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ منظور وٹو بھی اکیلے پنجاب کی صورتحال کے ذمہ دار نہیں، کارکنان میں مایوسی پھیل رہی ہے ۔ (ن) لیگ سے فرینڈلی اپوزیشن کے بجائے انہیں ٹف ٹائم دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کرکے انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے۔ انہوں نے شکایات کے ازالے کے لئے یقین دہانی کرائی ہے۔ دریں اثناءنجی ٹی وی کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے تحریک انصاف میں شمولیت کیلئے مرکزی رہنماﺅں سے رابطے کر لئے اور ان سے ملاقاتیں کیں۔
فردوس عاشق

ای پیپر-دی نیشن