ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے امریکی غلامی سے نکلنا ہوگا: حافظ سعید
فیصل آباد + جلالپور بھٹیاں (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے امریکی غلامی سے نکلنا ضروری ہے۔ حکمران امریکہ کی بجائے اللہ کو راضی کرنے کی کوشش کریں۔ غیر ملکی این جی اوز پاکستان میں بغاوتیں کھڑی کرنے کے لئے سرمایہ خرچ کررہی ہیں۔ کشمیر، برما اور فلسطین کے مسلمانوں کو مظالم سے نجات دلانے اور مسائل کے حل کے لئے جدوجہد کرنی ہوگی۔ رمضان المبارک میں کشمیری حریت رہنمائوں کی گرفتاریوں سے کشمیر میں تحریک آزادی کودبایا نہیں جا سکتا۔آج بھی کشمیر میں پاکستانی پرچم لہرائے گئے ہیں جس دن کشمیر آزاد ہوگا۔ اسی دن بھارت کئی ٹکڑوں میں تقسیم ہو جائے گا۔ رمضان المبارک نزول قرآن کا مہینہ ہے اس مہینے میںہر شخص اپنے گھروں ، برادریوں اور شہروں میں نفاذ اسلام کی کوشش کرے۔ حافظ محمد سعید نے کہا عالم اسلام کے تمام مسائل کا حل اسلام میں پوشیدہ ہے۔ اسلامی ملکوں کے حکمرانوں کو اپنے مسائل اسلامی تعلیمات کے مطابق خود ہی حل کرنے ہوں گے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ مسلمان بچوں کو ذہنی غلام بنانے کے لئے ایسے سکولوں کا جال بچھایا گیا ہے جن کا نصاب مغرب میں تیار ہورہا ہے اور سکولوں میں مغربی ماحول دے کر بچوںکو اسلام سے دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جلالپور جٹاں میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا کہ مسلمانوں پر آج ڈھائے جانے والے ظلم کے ذمہ داران عالم اسلام کے لیڈر ہیں جو دشمنان اسلام کے غلام بن چکے ہیں اب مسلمانوں کیلئے بچنے کا راستہ احکام دین کی پابندی اور اللہ کے راستہ میں جہاد ہے۔ انہوں نے بھارت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ازلی دشمن بھارت پاکستان میں دہشت گردی کرانے کے علاوہ وزیراعظم موودی مسلم کش فسادات کے نت نئے منصوبے بنا رہا ہے۔