لاہور پولیس کا ایک اور ’’کارنامہ‘‘ 2 کمسن بچوں کیخلاف خواتین پر تشدد کا مقدمہ
لاہور( اپنے نامہ نگار سے) لاہور پولیس کے اہلکاروں نے بھر پور ’’کارکردگی‘‘ دکھاتے ہوئے 9اور8 سالہ دو بچوں کیخلاف مقدمہ درج کر دیا۔بچے والدین کے ساتھ ضمانت کرانے سیشن کورٹ آگئے۔ تھانہ شالیمار کے علاقہ میں ہمسایوں کی لڑائی پر ایک فریق نے 9 سالہ وارث اور 8 سالہ عثمان سمیت انکے والدین پر زیردفعہ 354 تھانہ شالیمار میں درخواست اندراج مقدمہ دیدی۔ تھانہ شالیمار کے پولیس افسر نے بغیر تفتیش معصوم بچوں کیخلاف خواتین پر تشدد، انہیں برہنہ کرنے کا مقدمہ درج کر لیا۔ گذشتہ روز دونوں بچے اپنے والدین کے ہمراہ ضمانت کرانے سیشن کورٹ آئے توانہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ انہیں تو یہ بھی پتہ نہیں کہ یہ کونسی جگہ ہے وہ تو گھر پر موجود ہی نہیں تھے جب لڑائی ہوئی ۔ ایڈیشنل سیشن جج احمد کامران نے بچوں کی ضمانت منظور کرتے ہوئے تھانہ شالیمار پولیس کو شو کاز نوٹس جاری کر دیا ۔