تاجر تنظیموں نے بینک ٹرانزکشن ٹیکس مسترد کر دیا، احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان
لاہور (کامرس رپورٹر) تاجر تنظیموں اور لاہور چیمبر کے یونائیٹڈ پروگریسو گروپ نے بینک ٹرانزکشن پر 0.6 فیصد ٹیکس کے قانون کو یکسر مسترد کردیا۔ لاہور پریس کلب میں آل پاکستان انجمن تاجران کے زیر اہتمام لاہور کی مختلف تاجر تنظیموں اور لاہور چیمبر کے یونائیٹڈ پروگریسو گروپ کے عہدیداروں کی مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی سیکرٹری جنرل نعیم میر نے کہا کہ عوام کو حیلے بہانے سے لوٹنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ امجد چودھری‘ پروگریسو گروپ لاہور کے صدر خالد عثمان‘ لاہور ٹریڈرز الائنس کے صدر صفدر بٹ‘ آزاد گروپ کے راجہ حسن اختر‘ انجمن تاجران لاہور کے صدر آغا عدنان‘ کیپٹن آغا عدنان، ملک کلیم‘ میاں جاوید علی، شبیر سیال، رانا شہباز، شیخ عرفان اقبال، محمد یاسین، ملک طاہر، علی نصرت بٹ، خالد محمود بٹ، شیخ ارشد، عمران قریشی، عبدالودود علوی، خالد عثمان، میاں عمران قیصر ، ملک کلیم اوردیگر تاجر رہنما بھی پریس کانفرنس میں موجود تھے۔ رہنماؤں نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ واپس نہ لیا تو غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال کر دینگے۔ آل پاکستان سیمنٹ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز اور نائب صدر سید محمود غزنوی سے ملاقات کی اور انہیں بینکوں سے ہر قسم کے لین دین پر عائد ٹیکس کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل سے آگاہ کیا۔ آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت فوری طور پر اس ظالمانہ ٹیکس کو واپس لے ورنہ تاجر بینکوں سے لین دین کی بجائے متبادل ذرائع استعمال کرینگے جس سے ملک میں بنکنگ سیکٹر بری طرح متاثر ہوگا ۔ دریں اثناء بنکوں کے ٹیکس پر انجمن تاجران لاہور نے آج 4 جولائی کو شام 5 بجے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔