• news

رواں سال 120 ارب روپے کی ٹیکس رعائتیں ختم کر دی جائیں گی

لاہور (کامرس رپورٹر) ایف بی آر نئے مالی سال 2015-16ء کے دوران 120ارب روپے کی ٹیکس رعائتیں ختم کر دے گا جبکہ گزشتہ سال 2014-15ء میں بھی 100ارب روپے سے زائد کی ٹیکس رعائتیں ختم کی گئی ہیں۔ ایف بی آر ہر سال ایک لاکھ سے زائد نئے ٹیکس گذاروں کو ٹیکس نیٹ میں لائے گا۔ اس سال ٹیکس گذاروں کی تعداد دس لاکھ تک پہنچ جائے گی۔ ذرائع کے مطابق بینکوں سے رقوم کی لین دین پر ٹیکس عائد ہونے کی وجہ سے ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والے افراد ایف بی آر کے خودکار نظام کے تحت ٹیکس نیٹ میں شامل ہو جائیں گے اسی طرح پراپرٹی اور گاڑیوں کی خریداری کرنے والے نان فائلرز بھی ٹیکس نیٹ میں آ جائیں گے۔ ذرائع سے معلوم ہوا کہ ٹیکس دہندگان کی تعداد بڑھانے کیلئے ایف بی آر چاروں صوبائی حکومتوں کی قائم کردہ ریونیو اتھارٹیز کی خدمات بھی حاصل کرے گا اس حوالے سے پنجاب ریونیو اتھارٹی رابطہ قائم کر لیا گیا جس کے ذریعے ایف بی آر کے حکام کو نئے ٹیکس گذاروں کی فہرست حاصل کر لے گا۔

ای پیپر-دی نیشن