نئے مالی سال کا تیسرا روز: سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی ، کے ایس ای100 انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا
کراچی +لاہور(مارکیٹ رپورٹر+کامرس رپورٹر)کراچی سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری اور نئے مالی سال کے تیسرے روز جمعہ کوبھی تیزی رہی اور کے ایس ای 100کی35200,35300اور 35400کی نفسیاتی حدیں بیک وقت بحال ہوگئیں ۔ سرمایہ کاری مالیت میں34ارب57کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 35543پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا۔مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس269.79پوائنٹس اضافے سے 35456.35 پوائنٹس پر بند ہوا۔سرمایہ کاری مالیت میں 34ارب57کروڑ39 لاکھ 38ہزار74روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 76 کھرب 2 ارب 49کروڑ 96 لاکھ44 ہزار 110روپے ہوگئی۔دریں اثناء لاہور سٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان رہا ۔ مجموعی طور پر77کمپنیوں کے حصص میں کاروبارہوا۔ 26 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ ہوا۔ 14کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ 37 کمپنیوں کے حصص میں استحکا م رہا۔ ایل ایس ای 25 انڈیکس 33.90 پوائنٹس کے اضافہ کے ساتھ6173.97 بندہوا۔