• news

قومی ٹیم کی خراب کارکردگی ، وزیر اعظم نے وزارت کھیل، ہاکی فیڈریشن سے وضاحت طلب کرلی

لاہور(نمائندہ سپورٹس)پاکستان ہاکی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی اور ورلڈکپ کے بعد پہلی بار اولمپکس سے بھی باہر ہونے پر اعلیٰ سطح پر نوٹس لے لیا گیا ہے اور وزیراعظم نواز شریف نے قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے وضاحت طلب کر لی ہے۔وزیراعظم نواز شریف نے ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی امور ریاض پیرزادہ اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام سے وضاحت طلب کر لی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے حکام سے قومی ٹیم کی بہتری کے لئے بھی اقدامات مانگ لئے ہیں۔ وزیراعظم کے احکامات کی روشنی میں وزارت بین الصوبائی امور کے وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے قومی ٹیم کی شکست کی وجوہات کا جائزہ لینے کے لئے ایک 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو اپنی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔کمیٹی میں سیکرٹری آئی پی سی اور کنونیئر فیکٹ فائیڈنگ کمیٹی اعجاز چودھری ،اولمپئن شہباز سینئر، کرنل (ر) مدثر اصغر، اولمپئن خواجہ جنید،ڈاکٹر اختر نواز گنجیرہ شامل ہیں۔ کمیٹی فیڈریشن کے عہدیداران اور کھلاڑیوں سے تحقیقات کرے گی اور ہاکی میں مسلسل ناکامیوں کی وجوہات تلاش کرے گی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان ہے۔ ٹیم کے چیف سلیکٹر اصلاح الدین اور سلیکشن کمیٹی کے ارکان خالد بشیر اور ایاز محمود ‘کامران اشرف نے استعفوں کا اعلان کردیا جبکہ بعض ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی طرف سے ایڈہاک لگائے جانے کے خاصے امکانات ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن