• news

کھلاڑی جلدبازی میں آؤٹ ہوئے : اشرف علی، عامر نذیر

لاہور (نمائندہ سپورٹس) پالی کیلے کی پچ ٹیسٹ سٹینڈرڈ کی نہیں لگتی، پچ بیٹنگ کیلئے بہت مشکل ہے اور غیرمعیاری بھی۔ ڈبل پلیسس کے ساتھ گیند آ رہا ہے۔ وکٹ کا باؤنس بھی ایک جیسا نہیں ہے۔ گیند نیچا بھی رہ رہا ہے۔ اس پچ پر سری لنکا کی پہلی اننگز میں برتری ہے۔ پاکستان کیلئے مسائل پیدا ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار ٹیسٹ کرکٹر اشرف علی نے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پالی کیلے ٹیسٹ میں زیادہ رنز نہیں ہونگے۔ سری لنکا نے دوسری اننگز میں 250 رنز سکور کر لئے تو پاکستانی ٹیم کیلئے مشکلات ہونگی۔ آن پیپر پاکستان کی ٹیم سری لنکا سے بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونس خان نے جلدبازی کا مظاہرہ کیا۔ شان مسعود اور اسد شفیق گیند پر سلو آئے یہی وجہ تھی کہ وہ ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ احمد شہزاد سمیت دیگر سٹروک پلیئرز کو گیند چھوڑنا ہی نہیں آتا۔ ان کے ذہن میں ہوتا کچھ اور ہے لیکن وہ کھیلتے مختلف انداز سے ہیں۔ مصباح الحق کراس کھیل گئے، وہ آؤٹ ہو گئے۔ ٹیسٹ کرکٹر عامر نذیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی بلے بازوں نے غلطیوں سے وکٹیں ضائع کی ہیں۔ پچ کا رویہ جیسا بھی ہے پیشہ ور کھلاڑی کی حیثیت سے سب کو سو فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی۔ پہلی اننگز میں ایک مرتبہ ہمارے ٹاپ آرڈر نے مایوس کیا ہے۔ اب گیند ایک مرتبہ پھر باؤلرز کے ہاتھ میں ہے۔ سری لنکا کو کم سے کم سکور پر آؤٹ کرنے کیلئے اچھی باؤلنگ اور فیلڈنگ کرنا ہو گی۔ آخری اننگز پاکستان نے کھیلنی ہے اس وقت تک بلے بازی مزید مشکل ہو جائیگی اس لئے جتنا کم سکور پر آؤٹ کریں گے اتنا ہی بہتر ہے۔

ای پیپر-دی نیشن