سپرلیگ، ڈومیسٹک نظام پر تنقید کرنیوالے حقائق سے بے خبر ہیں : شکیل شیخ
لاہور (نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین اور گورننگ بورڈ کے رکن شکیل شیخ کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے آئندہ سال پاکستان سپر لیگ کے انعقاد اور ڈومیسٹک کرکٹ کے نئے نظام پر تنقید کرنیوالے حقائق سے بے خبر ہیں۔ لیگ کے انعقاد سے ملک کی نیک نامی میں اضافہ ہو گا اور پاکستان کرکٹ کے ڈھانچے پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔لیگ سے نوجوان کرکٹرز کو غیرملکی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر سیکھنے کا موقع ملے گا۔ کھلاڑیوں کے معاشی حالات بہتر ہونگے۔ ابتدا میں پانچ ٹیمیں اور متحدہ عرب امارات میں مقابلے ہونگے۔ دوسرے ایڈیشن میں ٹیموں کی تعداد بھی بڑھائی جائے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامیہ لیگ کے کامیاب انعقاد کیلئے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔ نیا فرسٹ کلاس نظام ملک میں کھیل کے معیار کو بڑھانے میں مددگار ثابت ہو گا۔جو اچھا کھیلے گا وہی فرسٹ کلاس نظام کا حصہ بن سکتا ہے۔ کوالیفائنگ راؤنڈ بھی مکمل پروٹوکول کے ساتھ کھیلا جائے گا۔ ٹیموں کی تعداد 26 سے کم کرکے 16 کر دی ہے۔ اب کوالٹی کرکٹ ہو گی اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہو گی۔ کرکٹ کھیلنا سب کا حق ہے اور اس بنیادی حق کو کوئی نہیں چھین سکتا۔