شام کی مسجد میں بم دھماکہ، النصرہ فرنٹ کے 25 جنگجو ہلاک
دمشق (صباح نیوز) شام کے شمال مغربی صوبے ادلب میں ایک مسجد میں ہونے والے بم دھماکے میں القاعدہ سے منسلک تنظیم النصرہ فرنٹ کے کم از کم 25 جنگجو ہلاک ہوگئے۔ برطانیہ میں مقیم انسانی حقوق کی تنظیم سیرئین آبزرویٹری کاکہنا ہے کہ اس کے علاوہ اریحا شہر میں درجنوں دوسرے افراد زخمی ہوئے ہیں۔ سیرئین آبزرویٹری کاکہنا ہے کہ دھماکہ اس وقت ہوا جب لوگ افطار کے لیے مسجد میں جمع ہو رہے تھے۔ دھماکے کی وجوہات کا علم ابھی تک نہیں ہو سکا ہے، تاہم زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ سیرئین آبزرویٹری کے مطابق سالم نامی مسجد میں ہونے والے دھماکے میں النصرہ فرنٹ کے ایک غیرشامی سینئر رکن بھی ہلاک ہوئے۔ خیال رہے کہ اریحا شہر صوبہ ادلب میں حکومت کا آخری مضبوط گڑھ تھا ۔