• news

ہاکی لیگ : پاکستان ساتویں پوزیشن کیلئے فرانس سے بھی ہار گیا‘ قومی ٹیم آخری نمبر پر

لاہور(نمائندہ سپورٹس+نیوز ایجنسیاں )بیلجیئم میں جاری ورلڈ ہاکی لیگ میں ساتویں اور آٹھویں پوزیشن کے لیے کھیلے گئے میچ میں پاکستان کو فرانس کے ہاتھوں ایک کے مقابلے میں دوگول سے شکست ہو گئی ۔ پاکستان ٹورنا منٹ میں آٹھویں پوزیشن ہی حاصل کر سکا جبکہ وہ پہلے ہی ریو اولمپکس کی دوڑ سے باہر ہو چکا ہے۔فرانس اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے میچ کے 13ویں منٹ میں فرانس کے مارٹن سائمن نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔پاکستان نے فرانس کی برتری ختم کرنے کے لیے کافی حملے کیے لیکن کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔میچ کے 30ویں منٹ میں فرانس کے ہوگو نے دوسرا گول کر کے برتری مزید بڑھا دی۔پاکستان کی جانب سے محمد توثیق نے 48 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کے میچ میں واپس آنے کی امیدیں روشن کر دیں لیکن میچ کے آخر تک پاکستان فرانس کی برتری ختم کرنے میں ناکام رہا۔واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہوگا کہ پاکستانی ہاکی ٹیم کسی اولمپکس مقابلے میں حصہ نہیں لےگی۔اس ٹورنامنٹ میں پاکستانی ہاکی ٹیم کی کاکردگی مایوس کن رہی ہے اور وہ ابتدائی مرحلے میں صرف ایک میچ جیتنے میں کامیاب ہو سکی جبکہ اس نے دو میچ برابر کھیلے اور دو میں اسے شکست ہوئی ہے۔ 2016 میں ہونے والے ریو اولمپکس میں جگہ بنانے کے لیے پاکستان کے لیے یہ ٹورنامنٹ آخری موقع تھا اور کوارٹر فائنل میں برطانیہ کے ہاتھوں شکست کے بعد اس کے لیے پانچویں پوزیشن کے میچ میں آئرلینڈ کو شکست دینا لازمی تھا تاہم اسے اس میچ میں بھی شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔اے پی پی کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان محمد عمران نے اولمپکس کیلئے کوالیفائی نہ کرنے اور ورلڈ ہاکی لیگ میں خراب کارکردگی کی وجہ سے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے ۔ آن لائن کے مطابق قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ شہناز شیخ نے بھی عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے ۔کپتان محمد عمران نے اپنے استعفیٰ سے متعلق خبریں میڈیا پر چلنے پر کہا کہ انہوں نے استعفیٰ نہیں دیا ہے خبریں بے بنیاد ہیں ۔کراچی نوائے وقت رپورٹ کے مطابق پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کے کوچ محمد عرفان سینئر نے استعفیٰ دیدیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق عرفان سینئر کا کہنا ہے کہ فیڈریشن کے عہدیدار ٹیم کی سلیکشن میں مداخلت کرتے ہیں جس کا نتیجہ غلط نکلتا ہے۔ فیڈریشن کے سابق عہدیدار قاسم ضیائ، آصف باجوہ بھی ٹیم کی سلیکشن میں مداخلت کرتے ہیں۔ 5 سال میں ہاکی کو تباہ کر دیا گیا۔ نئی نسل کیلئے بھی مشکلات پیدا کر دی گئیں۔
ہاکی میچ

ای پیپر-دی نیشن