سپریم کورٹ کا حکم ....سٹیٹ بینک نے بینکوں سے این جی اوز کے اکاﺅنٹس‘ غیر ملکی فنڈنگ کی تفصیلات مانگ لی
اسلام آباد (آئی این پی+ صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) سٹیٹ بینک نے سپریم کورٹ کے حکم پر تمام سرکاری ونجی بینکوں سے ملکی و غیر ملکی این جی اوز کے اکاو¿نٹس کی تفصیلات طلب کر لی ہیں، بینکوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران این جی اوز، ایس پی اوز و خیراتی اداروں کو ہونے والی ملکی و غیر ملکی فنڈنگ کی تمام تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔ سٹیٹ بینک نے سرکلر جاری کرکے تمام بینکوں سے تفصیلات طلب کی ہیں۔ واضح رہے کہ این جی اوز کی رجسٹریشن کے حوالے سے کیس سپریم کورٹ میں زیرسماعت ہے اور عدالت عظمیٰ نے حکومت کی جانب سے این جی اوز کی رجسٹریشن کے حوالے سے اقدامات نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کو بھی تمام ملکی وغیرملکی این جی اوز، ایس پی اوز اور خیراتی اداروں کے بینک اکاﺅنٹس اور فنڈنگ کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی جس پر مرکزی بینک نے سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے تمام بینکوں سے ملکی و بین الاقوامی این جی اوز کے اکاو¿نٹس کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ آئندہ ایک دو روز میں تمام بنک تفصیلات سٹیٹ بنک کو فراہم کردینگے۔ نجی ٹی وی کے مطابق بینکوں سے این جی اوز کے نام، اکاﺅنٹ نمبرز اور 2013ءسے اکاﺅنٹس میں ہونے والی ٹرانزیکشن کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ خاص طور پر 2013ءسے 2015ءتک بیرون ملک سے آنے والی رقوم کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔