• news

کوئٹہ : افطاری سے قبل شاپنگ پلازہ کے باہر دھماکہ‘ ایک شخص جاں بحق‘ بیس زخمی

کوئٹہ (بیورو رپورٹ + نوائے وقت رپورٹ) کوئٹہ کے علاقہ میزان چوک (باچا خان چوک) کے قریب بلدیہ پلازہ کے باہر گذشتہ روز افطار سے قبل دھماکے میں ایک شخص جاں بحق 20 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ دھماکے سے اطراف کی دکانیں اور کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچا، انکے شیشے ٹوٹ گئے۔ سی سی پی او کوئٹہ رزاق چیمہ نے صحافیوں کو بتایا کہ دھماکہ خیز مواد کسی بیگ یا تھیلے میں رکھا گیا، دہشت گردوں کا ٹارگٹ پلازہ میں خریداری کیلئے آئے عام لوگ تھے۔ دھماکے کی جگہ سے ایک مشکوک شخص کو گرفتار کر لیا گیا جسے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا جبکہ سکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ زخمیوں میں 3 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ 3 زخمیوں کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ میزان چوک کوئٹہ شہر کا مصروف ترین علاقہ ہے جہاں عید کی خریداری کیلئے بلدیہ پلازہ اور ارد گرد کی دکانوں میں لوگوں کا رش تھا۔ سی سی پی او عبدالرزاق چیمہ کے مطابق رمضان المبارک کے دوران اور عیدالفطر کی آمد کے پیش نظر کوئٹہ میں پہلے ہی سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ جگہ جگہ پولیس اور ایف سی کے اہلکار متعین ہیں۔ دریں اثناءدھماکے کے بعد شاپنگ سنٹر اور ارد گرد کی دکانیں بند اور ٹریفک معطل ہو گیا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دھماکے میں 5 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق دھماکے میں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت سیف اللہ اچکزئی کے نام سے ہوئی جو میزان چوک میں ریڑھی لگاتا تھا۔ اسکی نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی۔
کوئٹہ/ دھماکہ

ای پیپر-دی نیشن