20 لاکھ نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کا ہدف حاصل کرینگے‘ فنی اداروں کو نتائج دینا ہو نگے : شہباز شریف
لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت صوبے میں معیاری ہنرمند افرادی قوت کی تیاری اور اس کی کھپت کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں فنی تعلیم کے فروغ، معیاری ہنرمند افرادی قوت کی تیاری اور فنی تعلیم کے اداروں کی استعداد کار بڑھانے کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کا راز فنی تعلیم کے فروغ میں مضمر ہے، فنی تعلیم کو فروغ دے کر ملک سے غربت اور بے روزگاری جیسے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے، پنجاب حکومت نے فنی تعلیم کے فروغ کےلئے ٹھوس لائحہ عمل اپنایا ہے، آئندہ 3برس میں 20لاکھ نوجوانوںکو ہنرمند بنانے کا ہدف ہر قیمت پر حاصل کریں گے اور اس مقصد کے حصول کیلئے فنی تعلیم کے اداروں کو مربوط انداز میں کام کرکے اہداف حاصل کرکے نتائج دینا ہوں گے، نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کر نے کے لئے وسائل کی فراہمی سود مند سرمایہ کاری ہے، ملکی و غیرملکی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند ا فرادی قوت کی تیاری میں وسائل کی کمی نہیں آنے دیں گے، فنی تعلیم کے فروغ اور ہنر مندافرادی قوت کے بغیر ملک کسی صورت آگے نہیں بڑھ سکتا۔ پنجاب کے فنی تربیت کے اداروں کی استعداد کار بڑھاکر انہیں فعال بنانے کی ضرورت ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ فنی تعلیم کے فروغ اور تربیتی اداروں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے سٹی اینڈ گلڈز کے تجربات او رمہارت سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔ پنجاب حکومت سکل ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذرےعے ہزاروں نوجوانوں کو ہنر مند بنا چکی ہے۔ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کا دائرہ بھی صوبے کے تمام اضلاع تک پھیلایا جائے گا۔ فنی تعلیم کے فروغ کےلئے اقدامات میں تاخیر برداشت نہیں کروںگا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف کی زیرصدارت پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سنٹر کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا۔ بورڈ آف گورنرز کے صدر پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر نے منصوبے کے مختلف امور کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں بعض امور کی منظوری بھی دی گئی۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سنٹر کا منصوبہ صحت عامہ کے حوالے سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے اوریہ ادارہ جنوبی ایشیا کا سٹیٹ آف دی آرٹ انسٹی ٹیوٹ ہو گا جہاں گردے اور جگر کے مریضوں کو ایک چھت تلے جدید ترین طبی سہولتیں میسر آئیں گی اور گردے اور جگر ٹرانسپلانٹ کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ وریسرچ سینٹرپاکستان میں اپنی نوعیت کا منفرد ادارہ ہوگا اور ےہ منصوبہ صحت عامہ کے شعبہ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا -مفاد عامہ کے حوالے سے نہایت اہمیت کے حامل اس منصوبے کوقومی جذبے او رمحنت سے کام کرتے ہوئے تیز رفتاری سے مکمل کرنا ہے۔ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کا منصوبہ صحت عامہ کی سہولتوں میں ایک شاندار اضافہ ہوگا اور عالمی معیار کے اس ادارے میں بہترین ماحول میں معیاری طبی سہولتیں دستیاب ہوں گی جبکہ عام آدمی کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں میسر آئیں گی۔ادارے میں ریسرچ سنٹر بھی بنے گا اور میڈیکل یونیورسٹی کے قیام کا پروگرام بھی بنایا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ انسٹی ٹیوٹ کیلئے ماہر ڈاکٹروں اور نرسوں کو میرٹ پر بھرتی کرنے کیلئے ابھی سے منصوبہ بندی کی جائے۔ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے ڈاکٹروں اور نرسوں کو بیرون ملک تربیت دلائے گی، منصوبے کی پلاننگ اور ڈیزائننگ کے دوران تمام ضروری امور کا خیال رکھا جائے۔وسائل قوم کی امانت ہیں ۔وسائل کا درست اور شفاف استعمال ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے بعض امور پر فوری فیصلے کرنے کیلئے ٹیکنیکل سب کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی او رکہا کہ متعلقہ ادارے منصوبے کے حوالے سے ہر ممکن تعاون یقینی بنائیں۔ انہو ںنے ہدایت کی کہ مقرر کردہ ٹائم لائن کے حصول کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ صوبائی سٹیرنگ کمیٹی منصوبے کے حوالے سے ہر 15 دن بعد باقاعدگی سے اجلاس منعقد کرے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے مرحوم صحافی احمد بشیر کی اہلیہ محمودہ بیگم کے اہل خانہ سے ان کی خیریت دریافت کی۔ وزیراعلیٰ نے محمودہ بیگم کیلئے پھول بھجوائے اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے خصوصی دعا کی۔ شہبازشریف نے معروف بزنس مین، لاہور سٹاک ایکسچینج اور ساﺅتھ ایشین فیڈریشن آف ایکسچینج کے سابق چیئرمین گروپ کیپٹن (ر) نعیم احمد خان کے بیٹے کارڈیک سرجن ڈاکٹر جنید خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
شہبازشریف