• news

ملک کو مضبوط سیاسی قیادت کی ضرورت ہے: مشرف، طاہر القادری کو فون، کراچی ملاقات کیلئے آنے کی دعوت

کراچی + لاہور (آن لائن+ خصوصی نامہ نگار) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت سیاسی اور معاشی بحران کا سامنا ہے، ان بحرانوں سے نمٹنے کے لئے ملک کو مضبوط سیاسی قیادت کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی اور انتہا پسندی جیسے چیلنجز سے گزر رہا ہے، پاک فوج ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کے لئے بے انتہا قربانیاں دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو سیاسی اور معاشی مسائل کا بھی سامنا ہے، موجودہ سیاسی قیادت عوامی مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ نہیں۔ عوام تبدیلی چاہتے ہیں، میرے خلاف جو مقدمات عدالت میں ہیں امید کرتا ہوں کہ جلد حل ہوجائیںگے۔ اس کے بعد عوام میں آﺅں گا۔ جو ساتھی کٹھن سے کٹھن حالات میں ثابت قدم رہے ان کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اچھے سیاستدان سامنے آئیں گے تو ملک کے مسائل بھی حل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں حالات سے گھبرانے والا نہیں، ملک میں رہ کر ہی سیاست کروں گا۔ قبل ازیں انہوں نے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کو فون کرکے ان کی خیریت دریافت کی اور انہیں ملاقات کے لئے کراچی آنے کی دعوت دی۔
پرویز مشرف

ای پیپر-دی نیشن