یوم غزوہ بدر اور یوم وصال حضرت عائشہؓ عقیدت و احترام سے منایا گیا
لاہور (خصوصی نامہ نگار) تنظیم اتحاد امت پاکستان کے زیراہتمام چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں یوم غزوہ بدر اور یوم وصال سیدہ عائشہ صدیقہؓ عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ اس سلسلہ میں مرکزی تقریب ’’جنگ بدر و سیدہ عائشہ صدیقہ کانفرنس‘‘ جامع مسجد فیضان رسول سمن آباد لاہور میں زیرصدارت محمد ضیاء الحق نقشبندی منعقد ہوئی۔ صدارتی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا غزوہ بدر، حق و باطل کا پہلا فیصلہ کن معرکہ تھا۔ میدان بدر میں لشکر اسلام نے جرأت و شجاعت اور جاں نثاری کی بے مثال قربانیاں دیں۔ حضرت عائشہ صدیقہؓ مومنین کی ماں ہیں جنہوں نے صحابیات کو بھی دین متین کی تعلیم سے روشناس کرایا۔ علامہ محمد نعیم جاوید نوری نے کہا جنگ بدر آج کے مسلمانوں کو عزت و وقار کے ساتھ جینے کا درس دیتی ہے۔ مفتی محمد حسیب قادری نے کہا مسلمانوں کی غیرت ایمانی کو مزید تقویت دینے کے لئے فرشتے مومنین کی مدد کے لئے آئے۔ مفتی محمد قیصر شہزاد نعیمی نے کہا اسلام کی حقانیت کو جاننے کے لئے جنگ بدر کی حقیقت کا مطالعہ کیا جائے۔