• news

یورپی یونین، نیدر لینڈ سے ملکر ایک لاکھ پاکستانیوں کو فنی تربیت دینگے: جرمن سفیر

اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان میں جرمنی کے سفیر ڈاکٹر سیرل نن نے بتایا ہے جرمنی‘ یورپی یونین اور نیدر لینڈ مشترکہ طورپر پاکستان کے ایک لاکھ نوجوانوں کو فنی مہارتوں کی تربیت دیں گے۔ پاکستانی نوجوانوں کو مختلف فنی شعبوں کی ضروریات پوری کرنے کے لئے پاکستان میں تربیت دینے کا پروگرام تیار کیا ہے جس کے تحت تربیت شروع کر دی گئی ہے۔ وقت نیوز کے پروگرام ایمبیسی روڈ‘ میں انٹرویو دیتے ہوئے جرمن سفیر نے بتایا اس وقت اڑھائی ہزار پاکستانی طلبہ جرمن تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ اس سوال پر کہ کیا جرمن کارساز کمپنیاں پاکستان میں کارسازی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے لئے تیار ہیں تو جرمن سفیر نے بتایا پاکستان کاروں کی بڑی مارکیٹ ہے۔ جرمن کار ساز کمپنیاں پاکستان میں اس شعبہ میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں۔ جرمن سفیر نے توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے بارے میں بتایا جرمنی پاکستان میں توانائی کے شعبہ میں بھی سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے۔ کراچی کے قریب جرمن کمپنی نے ہوا سے بجلی پیدا کرنے میں مدد دی ہے۔ جرمنی میں ونڈ انرجی کوری ڈور سے 250 میگا واٹ بھی حاصل کی جارہی ہے۔ اس میں اضافہ کرکے اسے ایک ہزار میگا واٹ تک بنایا جاسکتا ہے۔ ان سے پوچھا گیا جرمنی شمسی توانائی میں اب بہت آگے ہے وہ پاکستان میں شمسی توانائی کے شعبہ میں ٹیکنالوجی پاکستان کے ساتھ شیئر کرے گا۔ جرمنی کے سفیر نے بتایا جرمنی یقیناً شمسی توانائی کے شعبہ میں بہت آگے ہے لیکن شمسی توانائی سے متعلق ٹیکنالوجی کے دو حصے ہیں ایک تو سادہ ٹیکنالوجی ہے۔کسی گھر کی چھت پر سولر پینل لگا دیں تو بجلی حاصل ہوسکتی ہے لیکن پیچیدہ ٹیکنالوجی پر کام ہو رہا ہے سولر بیٹریوں کی تیاری کا کام پیچیدہ ہے۔ جرمن سفیر سے پوچھا گیا کیا وہ پنجاب میں سولر پاور کی تیاری میں مدد کے لئے تیار ہیں تو جرمن سفیر نے کہا جرمنی نے بہاولپور سولر پارک پراجیکٹ کی تیاری میں مدد دی ہے جرمن کمپنی نے یہ منصویہ تیار کیا ہے۔ پنجاب کے وزیراعلی جو منصوبہ بناتے ہیں اس پر عمل بھی کرتے ہیں وہ کئی سال آگے کے حالات پر سوچتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن