• news

پیپلز پارٹی کی ضد زرداری بے نظیر کی طرح بلاول کو بھی نقصان دینگے: ناہید خان

راولپنڈی (آئی این پی) پیپلزپارٹی کی سابق چیئرپرسن بے نظیر بھٹو کی پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان نے کہاکہ آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی ایک دوسرے کی ضد ہیں، زرداری بھٹو شہید سے نفرت کرنے والا آدمی ہے، زرداری نے اپنی سیاست سے پہلے بی بی کو نقصان دیا اور اب بلاول کو نقصان دے گا لیکن اس پاک ذات کا قانون حرکت میں آئے گا، بی بی شہید کو بے گناہ قتل کیا گیا، ان کا قاتل ایک روز ضرور کیفر کردار تک پہنچے گا۔ ناہید خان نے صفدر عباسی کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ بی بی شہید نے آخری وقت مجھے گلے کے ساتھ لگا کر مجھے بوسا دیا۔ بی بی شہید نے کبھی مجھے اپنے ساتھ بٹھاتے وقت دائیں یابائیں جانب مخصوص نہیں کی لیکن اس روز انہوں نے مجھے اپنی دائیں جانب بیٹھنے کوکہا، گولی چلنے کی آواز پر میں نے پلٹ کرکھڑکی سے دیکھا تو اسی وقت اچانک بی بی میری گود میں آکرگریں۔ اس کے بعدکیا ہوا مجھے کچھ ہوش نہ رہا لیکن لیاقت باغ کے سٹیج سے اترتے اورگاڑی تک کسی کی بھی کال نہیں آئی تھی، کیوں کہ وہ ایس ایم ایس بلیک بیری سے کیاکرتی تھیں جبکہ کال سننے کے لئے وہ فقط میرا فون استعمال کیاکرتی تھیں، قتل کے بعد ان کا بلیک بیری غائب ہوا جو بعد میں ان کے ملازم سے ملا جس میں آخری پندرہ دن کا ڈیٹا موجود ہی نہیں تھا، شہادت سے ایک روز قبل آئی ایس آئی چیف ان سے ملنے آئے تھے۔ بی بی کے قتل کی بروقت تحقیقات نہیں ہوئیں۔ ہم توفقط یہ چاہتے ہیں کہ بھٹوشہید کا پرچم بنو، بھٹو شہید نے کہا تھا کہ ایک بھٹو میں ہوں اور ایک تم (عوام) ہو، بھٹو کی سوچ کو اجاگر کرو، ہم پی پی پی پرقبضہ نہیں چاہتے کیوں کہ پیپلزپارٹی ہم ہیں، وہ پارلیمنٹیرین ہیں، بلاول کو طے کرنا ہو گا کہ وہ بھٹو اور بی بی شہید کی شناخت بننا چاہتا ہے یا نہیں۔ صفدر عباسی نے کہا جب جب بی بی شہید کا نام لیا جائے گا، ان کے ساتھ ناہید خان کا نام بھی ضرور لیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن