• news

غربت، گھریلو حالات، 2خواتین سمیت 4 افراد کی خود کشی، کامونکے میں ایک نے خود سوزی کرلی

لاہور+کامونکے +فیصل آباد+ ظفروال+ حافظ آباد (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران+ نمائندہ نوائے وقت) لاہور، کامونکے، فیصل آباد، ظفروال، حافظ آباد میں مختلف وجوہات پر 2 خواتین سمیت 5 افراد نے زندگی ختم کرلی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں شاد باغ کے علاقہ میں 22 سالہ خاتون نے گھریلو حالات سے تنگ آ کر خود کشی کرلی۔22 سالہ سمیرا نے گذشتہ روز گھریلو حالات سے تنگ آ کر گلے میں پھندا لے لیا۔ اہل خانہ کے مطابق اس کا ذہنی توازن درست نہیں تھا۔ پولیس کے مطابق اصل حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی واضح ہوں گے۔کامونکے میں غربت سے تنگ شخص نے پٹرول چھڑک کر آگ لگالی، محلہ شریف کے یوسف نے چند دن قبل اپنے اوپر پٹرول چھڑک کر آگ لگا لی جس سے وہ بری طرح جھلس گیا تشویشناک حالت میں اسے ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔ فیصل آباد میں ستیانہ روڈ کے علاقے شہری ٹائون گلی نمبر دو کے شبیر حسین کی 36 سالہ اہلیہ کشور بی بی نے گھریلو جھگڑے پر دلبرداشتہ ہوکر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں نگل لیں۔ ظفروال میں پانچ بچوں کے باپ نے غربت سے تنگ آکر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ موضع کرتار پور کا پرویز چار بیٹوں اور ایک بیٹی کا باپ تھا گھر میں فاقہ کشی اور غربت کا عالم تھا اور ساتھ قرض خواہ آئے روز تنگ کرتے تھے۔ ان حالات سے گھبرا کر اس نے زہریلی گولیاں پھینک کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ علاوہ ازیں حافظ آباد کے نواحی گائوں مانگٹ نیچا میں 17سالہ نوجوان نے پھندا لیکر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ مانگٹ نیچا کے رہائشی ساجد ولد عاشق حسین کا مبینہ طور پر اپنے اہل خانہ سے کسی بات پر جھگڑا ہوا تو اس نے چھت سے جھول کر پھندا لینے کے بعد زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

ای پیپر-دی نیشن