دشمن کی ڈگڈگی پر ناچنے والے عیاشوں کو عوام پہچانیں: کمانڈر سدرن کمانڈ
کوئٹہ(بیورورپورٹ) کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ کے بگٹی کرکٹ سٹیڈیم میں خطاب کی مزید تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا جو لوگ ملک سے بھاگ کر چلے گئے اور اب ڈالرز اور پائونڈز میں کھیل رہے ہیں وہ معصوم نوجوانوں کو آزادی کے نام پر لڑا رہے ہیں عوام اس عیاش اور ذہنی پستی کا شکار دشمن کو پہچانیں۔ انہوں نے کہا جو لوگ یہاں سے بھاگ گئے، وہ خود عیاشی کر رہے ہیں‘ دشمن کی ڈگڈگی پر ناچنے والے خون کے پیاسے ہیں۔ انہوں نے کہا اللہ کے نام پر بنے ہوئے ملک کو کسی صورت کمزور نہیں ہونے دینگے، دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرینگے اور ان لوگوں کو مخاطب ہوکر کہتا ہوں معصوم بے گناہ مزدوروں اور مسافروں کا قتل عام نہ کریں ورنہ انکی بھی وہی حالت کرینگے جیسی دشمن کی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا میں ان مٹھی بھر عناصر کو چیلنج کرتا ہوں وہ ایک ہفتہ غریب عوام کیساتھ گزاریں تو میں ان کو لیڈر مانتا ہوں۔ مبارک ہو مبارک ہو تاریکی کے دن گزر گئے بلوچستان کا مستقبل روشن ہونیوالا ہے عارضی مسائل ضرور ہیں لیکن پاکستانی قوم ہر مشکل وقت کا مقابلہ کرنے کو تیار ہے پاکستانی عوام زندہ دل ہیں اور ہر آنیوالا وقت ہمارا ہے۔