پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن کی بی ٹیم نہیں‘ ہمارا کام عوام کے مسائل حل کرنا ہے: راجہ ریاض
کراچی (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما راجہ ریاض نے کہا ہے پیپلز پارٹی مسلم لیگ (ن) کی بی ٹیم نہیں ہے۔ پیپلز پارٹی کا طرزِ سیاست الگ ہے اور مسلم لیگ (ن) کا الگ‘ پیپلز پارٹی کی سیاست عوام کی سیاست ہے ہمارا کام اور مشن عوام کے مسائل کو حل کرنا ہے۔ جب بی بی شہید ہوئیں تو اسکے بعد پنجاب کے کارکنان میں احساس محرومی پیدا ہوا لیکن عیدالفطر کے بعد جب بلاول بھٹو زرداری پنجاب کا دورہ کریں گے تو پنجاب کے کارکنان اور عوام کا بھی احساس محرومی دور ہوجائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پیپلز پارٹی میڈیا سیل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے کیا۔ انہوں نے کہا پانچ جولائی کا دن ایک ڈکٹیٹر ضیاء الحق نے ذوالفقار علی بھٹو کی منتخب حکومت پر شب خون مارا اور جمہوری حکومت کا تختہ الٹ دیا۔ آمر نے جو کارنامے انجام دیئے تھے اسکے اثرات آج تک ہم بھگت رہے ہیں۔ ملک کے مسائل آمریت میں نہیں بلکہ جمہوریت میں حل ہوتے ہیں۔مخالفین کا یہ پروپیگنڈہ پنجاب میں پیپلزپارٹی ختم ہوگئی ہے وہ جھوٹ پر مبنی ہے۔ پچھلے دور میں ہمارے پنجاب میں 108 ارکان اسمبلی تھے اگر آج ایک دو رہنما دوسری پارٹی میں چلے گئے ہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں پیپلز پارٹی پنجاب سے ختم ہوگئی ہے، بلاول بھٹو پنجاب کا تاریخی دورہ کریں گے۔ ہم عہد کرتے ہیں کہ ملک کے آئندہ وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری ہوں گے انہوں نے کہا میں چیلنج کرتا ہوں اشرف سوہنا جس انداز میں پیپلز پارٹی میں بات کرتے تھے اب وہ عمران خان کے سامنے بات کرکے دکھائیں تو میں انہیں اپنا سیاسی استاد مان لوں گا۔ عمران خان کی سیاست صرف لفظوں پر مبنی ہے ریحام خان عمران خان سے سیاست میں آگے جارہی ہیں عمران خان کو وہ بات کرنی چاہے جس پر وہ قائم رہ سکیں۔ سندھ میں بھی رینجرز امن وامان کیلئے خدمات انجام دے رہی ہے میں پنجاب رینجرز کو بھی کہتا ہوں کہ وہ سانحہ ماڈل ٹائون میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کرے۔نواز شریف نے کبھی ہمارا ساتھ نہیں دیا ہے اور نہ ہی ہم انکا ساتھ چاہتے ہیں۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور پنجاب میں پیپلز پارٹی کو مربوط کیا جائیگا۔